جماعت اسلامی نے ہمیشہ ریلوے مزدوروں کا ساتھ دیا ہے، لیاقت بلوچ

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ریلوے مزدوروں کا ساتھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے ریلوے کی نجکاری اور حکومت کی مزدور دشمن پالیسوں کے خلاف ریلوے اسٹیشن پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پریم یونین پورے ملک کے مزدوروں کا بیدار ادارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پریم یونین نے مردہ مزدور تحریک کو زندہ کیا ہے، ریل کی پٹری اور ریل کے اندر کام کرنے والے مزدور کی محنت کو جانتا ہوں۔

لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قومی اثاثوں کی نیلامی قومی مفاد میں نہیں ہے، ان اداروں کے مزدور محنتی اور افسران سمجھدار ہیں، سیاسی مداخلت اور بیوروکریسی کے ٹانگ اڑانے سے آج یہ قومی ادارے نقصان میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے نے آئی ایم ایف یا ورلڈ بنک کے ذریعے نہیں بلکہ مزدور اور افسروں پر اعتماد کے باعث ترقی کی ہے، ریلوے کی وزارت ایک ہاتھی کی حیثیت رکھتی ہے اسے عوامی اور قومی خدمت کے اصول پر چلایا جائے، ریلوے ایک کمرشل ادارہ ہے یہی مزدور اور انجینئر اسے ترقی کی منزلوں پر پہنچائیں گے۔

نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ملک پر آٹا چور، چینی چور، سریا اور سیمنٹ چور مسلط ہیں، کرپٹ افراد کا لیڈر قوم کے دکھوں کا ذمہ دار ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ افغانستان میں عوام اور طالبان نے افغانستان کو امریکہ اور نیٹو سے پاک کیا ہے، افغانستان میں آج صدارتی محل میں قرآن کی حکمرانی کا آغاز ہوا ہے، اسٹیبلشمنٹ، ظالم اور جابر عوام کا امتحان نہ لیں ورنہ یہاں بھی ایران اور افغانستان جیسا انقلاب آئے گا۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان لٹیروں، ظالم جابر ، شرابیوں اور زانیوں کے لیے نہیں بنا، جماعت اسلامی ملک بھر کے مزدوروں کے ساتھ ہے، پاکستان انشااللہ ایک اسلامی فلاحی ریاست بنے گا۔

The post جماعت اسلامی نے ہمیشہ ریلوے مزدوروں کا ساتھ دیا ہے، لیاقت بلوچ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email