افغانستان سے متعلق تمام جائزے اور پیش گوئیاں غلط ثابت ہوئیں، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان سے متعلق تمام جائزے اور پیش گوئیاں غلط ثابت ہوئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر 6 ملکی وزرائے خارجہ کے ورچوئل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں آپ سب کو افغانستان کے ہمسایوں کے پہلے وزارتی اجلاس میں شرکت پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ میں دل کی گہرائیوں سے آپ کی تحسین کرتا ہوں کہ آپ سب نے افغانستان میں درپیش صورتحال پر علاقائی انداز فکر اختیار کرنے کی ہماری تجویز پر اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ میں نمائندگان وخصوصی نمائندگان کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں جن کی بھرپور محنت سے آج کے اجلاس کے لئے مضبوط بنیاد فراہم ہوئی۔ میں پرامید ہوں کہ آج کا ہمارا غوروخوض بارآور ثابت ہوگا۔

وزیر خارجہ پاکستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  گزشتہ چند ہفتوں میں ہونے والی پیش رفتوں نے ہمارے خطے کو عالمی منظر نامے پر اجاگر کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح صورتحال تبدیل ہوئی اس کے افغانستان، ہمارے خطے اور دنیا پر بھی اثرات ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان پیش رفتوں کی فوری اور غیر متوقع نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بات اہم ہے کہ بڑے پیمانے پرخونریزی نہیں ہوئی، ساتھ ہی طویل تنازعات اور خانہ جنگی کے امکانات ٹل گئے۔

انہوں نے کہا کہ کم از کم اب تک بڑے پیمانے پر مہاجرین کا انخلا نہیں ہورہا تاہم ہر طرح سے صورت حال پیچیدہ ہے۔

وزرائے خارجہ کا ورچوئل اجلاس پاکستان کی دعوت پر ہو رہا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس کی صدارت کریں گے، ورچوئل اجلاس میں چین، ایران، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ہمسائیہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں افغانستان کی بدلتی صورتحال، درپیش چیلنجز اور علاقائی استحکام یقینی بنانے پر غور ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پرامن، مستحکم افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ خطے میں سیکورٹی کےلیے کردار ادا کرے گا۔

واضح رہےکہ طالبان نے افغانستان کی نئی حکومت کا اعلان کر دیا ہے، نئی اسلامی حکومت کےسربراہ محمداحسن اخوند جبکہ ملا عبد الغنی برادر اور ملا عبدالسلام حنفی نائب سربراہ ہوں گے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے افغانستان کی نئی حکومت کا اعلان کیا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ ملا امیر خان متقی وزیر خارجہ ،سراج حقانی وزیر داخلہ جبکہ مولوی محمد یعقوب مجاہد کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔

مولوی عبدالحکیم عدالتی امورکودیکھیں گے،ملا ہدایت اللہ وزیر مالیات ، ملاخیر اللہ وزیر اطلاعات اورقاری دین محمدحنیف قائم مقام وزیرخزانہ ہوں گے۔

ملاعبدالحق وثیق کواین ڈی ایس کا سربراہ بنا دیا گیا،ملافضل اخوندافغانستان کےچیف آف آرمی اسٹاف ہوں گے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ان کی کوشش ہےکہ نئی حکومت میں افغان عوام کےمسائل کوحل کریں، تمام دنیاکےساتھ چلناچاہتےہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام دنیاکےممالک کےساتھ اچھےتعلقات چاہتےہیں، کسی کوبھی اپنےنظام میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ 20سال لڑائی ہم نےاس بات پرلڑی کہ ہمارےملک میں بیرونی مداخلت نہ ہو۔

انہوں نے کہا ہے کہ دنیا کےممالک سےتوقع ہے کہ وہ ہماری حکومت کوتسلیم کریں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:

امریکا کا طالبان کی حکومت تسلیم کرنے سے انکار

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے طالبان کی عبوری حکومت کے اعلان پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلان کردہ ناموں کی فہرست صرف ان افراد پر مشتمل ہے جو طالبان کے رکن یا ان کے قریبی ساتھی ہیں جبکہ کسی خاتون کا نام شامل نہیں۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے کچھ افراد کی وابستگیوں اور ٹریک ریکارڈ کی وجہ سے بھی فکرمند ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ طالبان نے ابھی نگراں کابینہ کا اعلان کیا ہے۔ طالبان کو ان کی باتوں سے نہیں ان کے اقدامات سے پرکھیں گے

 

The post افغانستان سے متعلق تمام جائزے اور پیش گوئیاں غلط ثابت ہوئیں، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email