افغان مسئلے پر وزرائے خارجہ کا اجلاس کل ہوگا، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان کی دعوت پر افغان مسئلے پر وزرائے خارجہ کا اجلاس 8 ستمبر 2021 کو ورچوئل فارمیٹ میں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وزرائے خارجہ اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں چین، ایران، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کے مطابق اجلاس میں افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ مشترکہ چیلنجوں سے نمٹا جا سکے، اجلاس کا مقصد علاقائی استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے ابھرتے ہوئے مواقع کا ادراک حاصل کرنا ہے۔

عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ وزرائے خارجہ اجلاس افغانستان کے پڑوسیوں کویہ موقع فراہم کرے گا کہ وہ پرامن اور مستحکم افغانستان کے مشترکہ مقصد کے لیے مل کر کام کریں، مستحکم افغانستان مضبوط اقتصادی روابط قائم کرنے اور رابطے کے ایجنڈے کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ یہ اجلاس 5 ستمبر 2021 کو خصوصی نمائندوں کی سطح پر ہونے والے اجلاس کی سفارشات پر غور کرے گا، ایک پرامن، مستحکم، متحد، خودمختار اور خوشحال افغانستان ہی عوام سے عوام کے رابطوں اور خطے میں سلامتی کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے۔

The post افغان مسئلے پر وزرائے خارجہ کا اجلاس کل ہوگا، ترجمان دفتر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email