کینیا کی وزیر دفاع کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ

کینیا کی وزیر دفاع مونیکا جوما کا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے کینیا کے مسلح افواج کے سربراہ کےجون 2021 میں کیے گئے دورہء پاکستان کو سراہتے ہوئے، اسے پاکستان اور کینیا کے مابین دفاعی روابط کے فروغ کا باعث قرار دیا۔

وزیر خارجہ نے کینیا کی وزیر دفاع مونیکا جوما کو ،2020 میں نیروبی میں منعقدہ پہلی پاک افریقہ تجارتی کانفرنس کے موقع پر ہونیوالی ابتدائی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے، انہیں افغانستان کی موجودہ صورتحال اور پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، شہریوں اور بین الاقوامی اداروں کے اہلکاروں کے کابل سے انخلاء میں پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی معاونت سے بھی آگاہ کیا۔

دوسری جانب رومانیہ کے وزیر خارجہ بوگڈن آرسکو کا بھی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی ۔

ٹیلیفونک رابطے میں دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تجارتی و دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے رومانیہ کے وزیر خارجہ کو افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

وزیر خارجہ نے رومانوی ہم منصب کو یقین دلایا کہ پاکستان کابل سے انخلاء کے عمل میں معاونت کے سلسلے کو جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

اس موقع پر رومانیہ کے وزیر خارجہ نے کابل سے رومانوی شہریوں کے محفوظ انخلاء میں معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

رومانیہ کی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دورہ ء رومانیہ کی دعوت دی جس پر وزیر خارجہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے رومانوی ہم منصب کو دورہ ء پاکستان کی دعوت دی۔

The post کینیا کی وزیر دفاع کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email