پاکستان ریلوے میں شمسی توانائی کا نظام متعارف کرانا بہت ضروری ہے، چیئرمین ریلوے

چیئرمین ریلوے حبیب الرحمن گیلانی نے کہا ہے کہ بجلی بچانے کے لیے پاکستان ریلوے میں شمسی توانائی کا نظام متعارف کرانا بہت ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں چیئرمین ریلوے حبیب الرحمن گیلانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر ضیاء اللہ ڈاہری نے چیئرمین ریلوے کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سولر انرجی سسٹم کی تنصیب کا ٹینڈر اگلے ہفتے تک جاری کر دیا جائے گا۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر ضیاء اللہ ڈاہری نے بریفنگ میں کہا کہ 155 ریلوے اسٹیشنس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ریلوے آفیسرز کالونی میو گارڈن کو بھی سولر انرجی پر شفٹ کیا جائے گا۔

چیئرمین ریلوے حبیب الرحمن گیلانی نے کہا کہ بجلی بچانے کے لیے پاکستان ریلوے میں شمسی توانائی کا نظام متعارف کرانا بہت ضروری ہے، اس منصوبے سے ریلوے کو سالانہ 150 ملین روپے کی بچت ہوگی۔

اجلاس میں پبلک اور پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیماڑی سے مارشلنگ یارڈ پاپری تک ایک نئے ڈبل لائن ٹریک کی تعمیر اور آپریشن کے لیے فزیبلٹی سٹڈی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر ضیاء اللہ ڈاہری کی جانب سے ریلوے میں پنشن اصلاحات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے نثار احمد میمن، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر سید آصف متین زیدی، جنرل منیجر ڈبلیو اینڈ ایس آئی سمین اللہ گنڈا پور،  چیف فنانس آفیسر محمد حامد محمود، ڈی جی پلاننگ امیر علی بلوچ، چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد زاہد، چیف انجینئر اوپن لائن ارشد سلام خٹک اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

The post پاکستان ریلوے میں شمسی توانائی کا نظام متعارف کرانا بہت ضروری ہے، چیئرمین ریلوے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email