منشیات سے نوجوان نسل کے مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ منشیات سے نوجوان نسل کے مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل اینٹی نارکوٹکس کونسل  کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان نے معاشرے میں منشیات  خصوصاً نوجوان نسل  کے حوالے سے منشیات کے رجحان پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ۔

اجلاس میں  فیصلہ کیا گیا کہ منشیات کے خلاف  جامع حکمت عملی کی تشکیل اور متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں میں کوآرڈینیشن کے لئے اینٹی نارکوٹکس فورس سرکردہ ادارے کے طور پر کام کرے گی۔

 اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے  کہا کہ  منشیات سے نوجوان نسل کے مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہیں، منشیات کےحوالے سے سامنے آنے والے اعدادوشمار اس امر کو ظاہر کرتے ہیں کہ انسدادِ منشیات کی موجودہ کوششیں اور اقدامات ناکافی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ منشیات کے ناسور سے نمٹنے کے لیے موجودہ اینٹی نارکوٹکس قوانین کا جائزہ لیا جائے اور ان قوانین کی عمل داری کو مزید موثر بنایا جائے  جبکہ منشیات کی پیداوار  کی روک تھام، خرید وفرخت اور استعمال پر موثر طریقے سے قابو پانے کے لئے جامع اور مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ انسدادِ منشیات کے حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومت کو مل کر اور منظم طریقے سے کام کرنا ہوگا جبکہ انسداد منشیات کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کار لایا جائے گا۔

 وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اسکولوں کالجوں کی سطح پر اس  ناسور کی روک تھام اور حوصلہ شکنی کے لئے اقدامات کیے جائیں گے، منشيات سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے ماڈل ٹریٹمنٹ سنٹرز کا قیام بھی حکمت عملی کا حصہ ہوں گے۔

اجلاس میں مراد سعید ، شفقت محمود ،شوکت ترین ، فواد چوہدری حسین ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ، ڈاکٹر فروغ نسیم ، علی زیدی ، بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ ، پیر نور الحق قادری ، ڈاکٹر فیصل سلطان ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید ، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی  اور ڈی جی اے این ایف میجر جنرل غلام شبیر سمیت  متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

The post منشیات سے نوجوان نسل کے مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہیں، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email