ہمارے جوان وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے جوان وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوم ِدفاع وشہداء  کے موقع پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ زندہ قومیں آزمائشوں سے گزر کر اور بھی زیادہ مضبوط ہو جاتی ہیں، 1965 میں جب دشمن نے ہماری آزادی اور بقاء کو پامال کرنے کی کوشش کی تو پاکستانی قوم مضبوط چٹان کی طرح اس کے سامنے ڈٹ گئی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر کو ہندوستان نے پاکستان پر غیراعلانیہ جنگ مسلط کی تو پوری قوم محافظان وطن کی حمایت میں اٹھ کھڑی ہوئی تھی، بہت سے لوگ نہتے پیدل ہی سرحدوں کی جانب چل پڑے تھے، قومی ہم آہنگی اور یکجہتی کے اس عظیم مظاہرے نے ہماری بہادر مسلح افواج کے جذبوں کو اور بھی مہمیز لگا دی ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ ہمارے جوان دشمن کے خلاف اس بے خوفی سے لڑے ہیں کہ دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی، ہمارے بہادر افسروں، جوانوں، پائلٹوں اور اور سیلروں نے دنیا پر ثابت کردیا کہ وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، چاہے اس کے لئے انہیں کوئی بھی قیمت چکانا پڑے وہ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جرات و بہادری سے لڑہیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا عظیم دن، ہر سال ہمیں اپنے ہیروز، مسلح افواج کے جانبازوں اور خاص طور پر ان شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، مسلح افواج ہمیشہ سے قوم کی امید اور فخررہے  ہیں، ہم وطن کی سلامتی اور تحفظ کے لئے اپنی قیمتی جانیں قربان کرنے والے قوم کے ان بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہداء کی فیملیز کو بھی ہم خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو مادرِ وطن پر نچھاور کردیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج یہ دن مناتے ہوئے میں یہ کہوں گا کہ دشمن نے کبھی بھی پرامن بقائے باہمی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے، قیام پاکستان سے لے کر آج تک اس نے پاکستان پر کئی جنگیں مسلط کی ہیں،1948 ہو یا 1971 ہو دو دہائیوں پر محیط دہشت گردی کے خلاف جنگ،پاکستان کے اندر تخریبی سرگرمیاں ہوں یا پھرسائبر وار فیئرکے ذریعے پراپیگنڈہ، دشمن ہمارے خلاف کارروائیاں کرتا چلا آرہا ہے، بد قسمتی سے ماضی میں ہندوستان،افغان سر زمین کو پاکستان میں بد امنی اور دہشت گردی کی کاروائیوں کے لیے استعمال کرتا رہا ہے، آج کے دن ہم ان گھناونے ہتکنڈے اپنانے والے عناصر کی مذمت کرتے ہوئے اپنی بہادر افواج کو خصوصاً وطن عزیز کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا ہے کہ اقوام عالم کو اس جارحانہ رویئے پر ہندوستان کو ذمہ دار ٹھرانا چاہیئے، ہمیں فخر ہے کہ ہماری سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے ہندوستان کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے، دنیا جان گئی ہے کہ کس طرح وہ علاقائی اور خاص طور پر پاکستان کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، ہماری حکومت کی موثر خارجہ پالیسی کی وجہ سے عالمی برادری اب جان چکی ہے کہ کس طرح بھارتی حکومت پورے ہندوستان میں اقلیتوں اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہی ہے، امن کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کو جلد یا بدیر کشمیریوں کو ان کا حق رائے دہی دینا پڑے گا، ہم ہندوستان کا انتہاپسندانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے، عالمی برادری کے معتبر حلقے، امن کی خاطر کی جانے والی ہماری کوششوں کو تسلیم کررہے ہیں، اس موقع پر میں ایک بار پھر یہ بات واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری  ہرگز  نہ سمجھا جائے، اس خطے کے لوگوں کی خوشحالی اوربہتری کیلئے اس کا جواب اسی مثبت انداز میں دیاجانا چاہئے، آج کے دن میں اپنی بہادر مسلح افواج کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ایک طویل سفر طے کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا ہے کہ ہماری باحوصلہ قوم اورمضبوط مسلح افواج نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ ہم دفاع وطن کی نہ صرف بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، اپنے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم ملک کے دفاع، سلامتی اور بقا کا تحفظ ہر قیمت پر کرتے رہیں گے۔

The post ہمارے جوان وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email