یوم دفاع منانے کا مقصد پاکستان کی جغرافیہ اور جمہوریت کا تحفظ کرنا ہے، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یوم دفاع منانے کا مقصد پاکستان کی جغرافیہ اور جمہوریت کا تحفظ کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یومِ دفاع پاکستان پر  اپنے ایک پیغام میں کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں، فوجی جوانوں کا غیرمتزلزل عزم اور عوام کا ناقابل تسخیر اتحاد ہماری طاقت اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لیے ہے جبکہ یوم دفاع منانے کا مقصد پاکستان کی جغرافیہ، اس کے نظریے اور جمہوریت کا تحفظ کرنا ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے، جنہوں نے قوم کو ایٹمی پروگرام کا تحفہ دیا ۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ یہ قائدِ عوام کی دختر وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو تھیں، جنہوں نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی پروگرام دیا اور ان اقدام کا مقصد یہ تھا کہ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا جائے ۔

 بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ تمام فوجی جوان، جنہوں نے پاکستان کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، ہماری قومی تاریخ کے ناقابل فراموش ہیرو ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا  کہ میں آج یوم دفاع کے موقع پر پوری قوم کی جانب سے شہداء کے خاندانوں کو  مکمل یکجہتی کا یقین دلاتا ہوں۔

 بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ میں ان تمام شہریوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزید  کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فلسفے کی روشنی میں نظریئہ پاکستان کی پیروی مضبوط دفاع کے ساتھ کریں گے۔

The post یوم دفاع منانے کا مقصد پاکستان کی جغرافیہ اور جمہوریت کا تحفظ کرنا ہے، بلاول appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email