نیب سارک ممالک میں رول ماڈل ادارے کی حیثیت رکھتاہے،چیئرمین نیب

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب سارک ممالک میں رول ماڈل ادارے کی حیثیت رکھتاہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں نیب کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب نےموثرحکمت عملی وضع کی،موجودہ انتظامیہ کے دور میں نیب نےاب تک 535 ارب روپے کی ریکورکئے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) کا کہنا تھا کہ گیلانی اینڈگیلپ کے سروے میں 59 فیصد پاکستانی عوام نے نیب پراعتمادکااظہارکیا۔ قومی احتساب بیورو قانون کے مطابق  بلاتفریق احتساب کاعمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

 جاوید اقبال کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیب سارک ممالک میں رول ماڈل ادارے کی حیثیت رکھتاہے۔ بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے فعال حکمت عملی کی وجہ سے سزاوں کی مجموعی شرح 66 فیصد ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال   کا مزید کہنا تھا کہ نیب نے کل 179 میگا کرپشن کے کیسز میں 93 کیسز فائل کئے جبکہ 10 کیسز انکوائری کے مرحلےمیں ہیں اور 13 سو ارب خرد برد کے  1273 نیب ریفرنس احتساب عدالتوں میں زیرسماعت ہیں۔

واضح رہے اس سے قبل چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا تھا کہ نیب ملک اور قوم کی دولت لوٹنے والے بد عنوان عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا تھا کہ نیب کے پاس بد عنوان عناصر کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ،فیک بینک اکاؤنٹس، آمدن سے زائد اثاثے، اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے ذریعے قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

جاوید اقبال نے مزید کہا تھا کہ ملکی ترقی میں تاجر برادری کا کردار انتہائی اہم ہے، نیب کے کسی اقدام سے تاجر برادری کیلئے مشکلات پیدا نہیں ہوئیں۔

The post نیب سارک ممالک میں رول ماڈل ادارے کی حیثیت رکھتاہے،چیئرمین نیب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email