ڈیموں کی تعمیر و بحالی سے عوام کو سستی بجلی مہیا ہو گی، مونس الٰہی

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے کہا ہے کہ ڈیموں کی تعمیر و بحالی سے عوام کو سستی بجلی مہیا ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی سے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی ملاقات ہوئی۔

 ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ چوہدری پرویزالٰہی کو پنجاب اسمبلی سے پنجاب کمپلسری ٹیچنگ آف دی ہولی قرآن ایکٹ پاس کروانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

 وزیر مملکت علی محمد خان نے مونس الٰہی کو بھی آبی سائل کی وزارت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

 وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ مونس الٰہی نوجوان ہیں اور نہایت مستعدی سے ڈیموں کی تعمیر و بحالی پر کام کر سکتے ہیں، مونس الٰہی میرے علاقہ میں مہمند ڈیم کا دورہ بھی کریں۔

اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ مونس الٰہی پارٹی گائیڈ لائن کے مطابق پانی کے معاملے پر وفاق اور صوبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے کہا کہ ملک میں پانی کی کمی کے پیش نظر نئے ڈیموں کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہے، ڈیموں کی تعمیر و بحالی سے نہ صرف ملک میں پانی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے بلکہ انشاء اللہ عوام کو سستی بجلی بھی مہیا ہو گی۔

The post ڈیموں کی تعمیر و بحالی سے عوام کو سستی بجلی مہیا ہو گی، مونس الٰہی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email