آج پوری دنیا میں حق اور باطل کی جنگ میں خواتین کا بہت بڑا حصہ ہے ، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ آج پوری دنیا میں حق اور باطل کی جنگ میں خواتین کا بہت بڑا حصہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عالمی یوم حجاب پر لاہور میں حجاب کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرانس کی حکومت نے قانون سازی کر کے مسلمان خواتین سے حجاب کا حق چھینا اس کے جواب میں لندن میں کانفرنس ہوئی جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کر کے اس فیصلے کو رد کیا اس کے بعد 4 ستمبر کو یوم حجاب منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حجاب مسلمان عورت کا حق ہے ، کوئی بھی طاقت اگر یہ حق چھیننے کی کوشش کرے گی ناکام ہو گی ، اللہ نے خواتین کو حجاب کا حکم دیا ہے ، اللہ نے عورت سے پہلے مرد کو حیا کا حکم دیا ہے ، کچھ ممالک اسلامو فوبیا میں شکار ہو کر پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نئی نسل پردے کی طرف مائل ہو رہی ہے ، پندرہ اگست کے بعد طالبان نے کابل پر قبضہ کیا ، ایک آدمی صدر افغانستان کے گھر داخل ہوا ، وہ وہی آدمی تھا جس نے سالوں لوہے کے پنجرے میں گزارے ، اللہ نے کمزور کو طاقت ور پر غالب لانے کا وعدہ کیا ہے ، حجاب کپڑے کا ٹکڑا نہیں اللہ کا حکم ہے ، اگر امام کی غلطی کی طرف مرد توجہ نہ دیں تو عورت نشاندہی کرتی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہمارا دین عبادات نہیں ایک تحریک کا نام ہے ، اس تحریک میں خواتین کا بڑا ہاتھ ہے ، سب سے پہلی شہادت ایک عورت کو نصیب ہوئی ، پہلی ہجرت میں ایک خاتون شامل تھی ، دین کی تحریک میں خواتین کا بڑا کردار ہے ، آج بھی ضرورت ہے خواتین وہی کردار دوبارہ زندہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی آج بھی پندرہ سالوں سے جیل میں ہیں ، ان کے جذبے کی وجہ سے لوگ ان کو فولادی خاتون کہتے ہیں ، فلسطین میں بچے پتھر اٹھائے یہودی ٹینکوں کے سامنے کھڑے ہیں ، ان کو یہ جذبہ ہماری فلسطینی ماؤں اور بہنوں نے دیا ہے ، دنیا کی باتوں کو غلط ثابت کرنا ہے ، عورت بے وقوف نہیں ہے ، عورت انسانیت کی ماں ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جو معاشرے عورت کی عزت نہیں کرتے وہ ترقی نہیں کرتے ، لالچی لوگ کہتے ہیں پردہ ترقی میں رکاوٹ ہے ، ہم نے تو بڑے بڑے عہدوں پر پردہ داروں کو دیکھا ہے ، عورت بازار میں بکنے والی چیز نہیں ہے ، عورت دنیا میں شرافت اور جرات کی علامت ہے ، دنیا آپ سے حجاب کا خوبصورت تاج چھیننا چاہتی ہے ، جہاں جہاں دنیا نے اسلامی کلچر کو چھوڑا ہے وہاں عورت مظلوم ہو کر رہ گئی ہے ، اسی کا نتیجہ ہے کہ مغرب میں شناخت کے لیے باپ نہیں ماں کا نام ہوتا ہے۔

The post آج پوری دنیا میں حق اور باطل کی جنگ میں خواتین کا بہت بڑا حصہ ہے ، سراج الحق appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email