بھارتی قابض افواج بار بار کشمیریوں کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال کر رہی ہیں ، عاصم افتخار

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ بھارتی قابض افواج بار بار کشمیریوں کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال کر رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ دفتر خارجہ میں بھارتی ناظم الامور کو طلب کیا گیا اور سید علی گیلانی کی وفات کے بعد قابل مذمت رویے پر احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ کشمیری رہنما اور حریت پسند سید علی گیلانی کی نعش کے ساتھ غیر انسانی سلوک پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا ، بھارتی قابض افواج کی جانب سے کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کی لاش  کی بے رحمانہ اور غیرانسانی سلوک پر پاکستان کے سخت موقف سے آگاہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قابض فوج کی جانب سے سید علی شاہ گیلانی کی میت کو ان کے خاندان سے چھیننے اور ان کی مرضی کے مطابق ان کی تدفین کی اجازت نہ دینے کا عمل شرمناک ہے ، بھارتی حکومت کا یہ عمل بین الاقوامی  قانون  بنیادی انسانی شہری اور انسانی حقوق کے تمام اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ حریت قیادت بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ، ہندوستان کو کسی بھی غلط فہمی سے باز رہنا چاہیے جو علاقائی امن کو مزید خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے اقدامات سے باز رہے ، 9 لاکھ  سے زائد قابض فوج کو واپس  بلا لینا چاہیے ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تمام خلاف ورزیوں کو فوری طور پر ختم کرنا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ بھارتی ناظم الامور کو پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا گیا کہ خطے میں امن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل پر منحصر ہے۔

The post بھارتی قابض افواج بار بار کشمیریوں کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال کر رہی ہیں ، عاصم افتخار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email