پاکستان افغانستان میں قیامِ امن کی عالمی کاوشوں میں شراکت داری کیلئے پرعزم ہے، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیامِ امن کی عالمی کاوشوں میں شراکت داری کیلئے پرعزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق سلوانیہ کے وزیر خارجہ اینزے لوگار کا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغانستان میں قیامِ امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، افغانستان میں قیامِ امن کا فائدہ پورے خطے کو یکساں طور پر ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حالات بگاڑ کا شکار ہوئے تو سب متاثر ہوں گے، پاکستان افغانستان میں اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کا حامی ہے۔

انکا کہنا ہے کہ عالمی برادری موجودہ صورتحال کے تناظر میں انسانی بنیادوں پر افغانوں کی معاونت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ طالبان قیادت کی جانب سے عام معافی اور انتقامی کاروائی نہ کرنے، حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہ کرنے کے بیانات حوصلہ افزا ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیامِ امن کی عالمی کاوشوں میں شراکت داری کیلئے پرعزم ہے۔

The post پاکستان افغانستان میں قیامِ امن کی عالمی کاوشوں میں شراکت داری کیلئے پرعزم ہے، شاہ محمود قریشی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email