پاکستان افغانوں کو انسانی امداد کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانوں کو انسانی امداد کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈین وزیر خارجہ مارک گارنیو کا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بذریعہ ویڈیو لنک رابطہ ہوا جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور افغانوں کو انسانی امداد کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کینیڈین ہم منصب کو کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے اہلکاروں اور میڈیا نمائندگان کو بحفاظت نکالنے کیلئے پاکستان کی طرف سے فراہم کی گئی معاونت سے آگاہ کیا جس پر کینیڈین وزیر خارجہ نے کابل سے انخلاء میں پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی معاونت کو سراہتے ہوئے ، وزیر خارجہ اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں اجتماعیت کے حامل، سیاسی تصفیے کا خواہاں ہے، افغانستان اس وقت تاریخ کے نازک مرحلے سے گزر رہا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے مزید  کہا کہ پاکستان افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کو انسانی امداد کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ افغانستان کو انسانی المیے سے بچانے کیلئے ،افغانوں کی مالی معاونت کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

واضح رہے کہ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین رواں سال میں یہ تیسرا رابطہ تھا۔

The post پاکستان افغانوں کو انسانی امداد کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email