پاکستان ناقابل تسخیر ہے ۔عبداللہ حمید گل کا پریس فورم سے خطاب

چترال (زیل نمائندہ) بانی صدر تحریک جوانان پاکستان اور چئیرمین میثاق ریسرچ سنٹر جناب عبداللہ حمید گل نے اپنے دورہَ چترال کے دوسرے دن چترال پریس کلب میں مہراکہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اہالیان چترال کو ایک اہم پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک سے بادل چھٹ جانے چاہئیں اور ہماری قوم کو پرامید ہونا چاہئیے کہ خطے کے عوام نے تین سپر طاقتوں کو شکست دی ہے جو ایک معجزے سے کم نہیں۔ مستقبل پاکستان کا ہے اور پاکستان ہی نے دنیا کی قیادت کرنی ہے۔ ایک جوہری مملکت نے باطل کے زعم اور عالمی طاقتوں کے تکبر کو خاک میں ملا دیا ہے اور چترال کے جوان کاروان حق کے ہراول دستہ ہیں۔میرے والد مرحوم جنرل حمید گل چترال کے عوام سے بڑی توقعات رکھتے تھے۔ عبداللہ حمید گل نے کہا کہ یہاں پہنچ کر میرے حوصلے اور بھی بلند ہوچکے ہیں۔ میڈیا کو عالمی طاقتوں کے اشاروں پر مایوسی پھیلانے سے باز آنا چاہئیے۔ ماضی میں بھی ہم نے اسرائیل اور ہندوستان کے چھکے چھڑائے ہیں اور آئندہ بھی ہم ان کا ناطقہ بند کرنےکے پوزیشن میں ہیں۔ ہماری شناخت اسلام ہے اور استعمار ہم سے روح محمدؐ چھین لینا چاہتا ہے۔ مگر ان کو یاد رکھنا چاہئیےکہ دیوار برلن کا ٹکڑا میرے گھر میں اب بھی پڑا ہواہے کہ جنرل حمید گل کا روس کی شکست میں کیا کردار رہا اور اب بھی ہم امریکہ کے وسائل سے امریکہ کو ٹکڑے کرکے دکھا دیں گے۔ ہمیں عیسائیوں اور عیسیؑ کے پیروکاروں سے کوئی ضد نہیں، ہم اللہ کے دشمنوں کا اپنا دشمن سمجھتے ہیں اور دنیا کو ایک نیا ورلڈ آرڈر اسلام کے نظریے کی بنیاد پر دینا چاہتے ہیں۔ دستوری لحاظ سے پاکستان اسلامی مملکت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان نے بھارتی فورسز کی طرف سے ان کے قلم چھین لینے کا بدلہ لینے کے لیے ملک کو جوہری قوت بنایااور بہترین انتقام لیا۔ ہم اینگلو سیکسن قوانین کے باغی ہیں ہم اسلامی جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں جو ہماری غیرت کا بھی تقاضا ہےاور ہمارے جنگ آزادی کے راہنماؤں کا بھی یہی عزم تھا۔ کرپشن 30 سے 35 سال کے اندر ہمارے اندر سرایت کرلی ہے۔ ہم اسے بیخ سے اُکھاڑنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ہم بے وسیلہ نہیں ، غلامی کی زنجریں ہم ذوق یقین سے توڑیں گےاور رسم شبیری ادا کریں گے۔ یہاں پر بات پدرم سلطان بود کی نہیں بلکہ کمزوروں کو دوبارہ اٹھانے اور انسانیت کو ظلم سے نجات دلانے کی ہورہی ہے۔ ہم بیک وقت آئی ایم ایف کے قرضوں سے بھی جان چھڑائیں گے اور بے دین طاقتوں کے جبر سے بھی مگر اس کے لیے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ چترال سے یہ تحریک اٹھنی ہے اور پورے ملک میں پھیلنا ہے۔ عبداللہ حمید گل نے جوانوں کی کردار سازی پر زور دیا اور کہا کہ ہمارے پاس وسائل بے شمار ہیں صرف جذبہ آزادی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور جوہری قوت ، چین سے روابط دشمن کی نظروں سے اٹکی ہوئی ہے۔ انہوں نے صحافیوں کے مختلف سوالات کا جواب دیا اس موقع پر پی ٹی آئی چترال کے صدر رحمت عازی اور سی اے ای ایچ کے چئیرمین جناب حبیب الرحمن نےپروگرام میں اظہار خیال کئے۔

Print Friendly, PDF & Email