دنیا میں صحیح معنوں میں انسانی زند گیوں میں یوٹرن لے آنے والا انقلاب اسلامی انقلاب تھا۔سینیٹر مشتاق احمد

چترال ( نمائندہ زیل  ) دنیا میں صحیح معنوں میں انقلاب صرف ایک ہی ہے اور وہ ہے اسلام کا انقلاب جسے رسولؐ خدا نے نوجوانوں کی مدد سے برپا کردیا تھا اور یہ انقلاب ہے جس میں لوگوں کی زندگیوں میں مکمل یو ٹرن لے آیا اور معاشرے میں ایک سو اسی درجے کا پلٹا کھایاکہ قیامت تک اس کا نظیر پیش کرنے سے دنیاقاصر ہے اور اب وقت ہے کہ ہم اس کی طرف مراجعت کریں اور اپنے نوجوان کو پھر اسی کام کے لیے تیارکرنے کے لیے ان کی تربیت بھی ان ہی خطوط پرکریں ۔  یہ بات پیر کے روز چترال میں جے آئی ۔یوتھ کے زیراہتمام تقریب سیرت النبیؐ کے سلسلے میں ذہنی آزمائش کے پروگرام کی تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے  کہی۔

انہوں نے مزید  کہا کہ ملک سے کرپشن کی مکمل بیخ کنی صرف اور صرف نوجوان ہی کرسکتے ہیں اور کرپشن کو ختم کرنے میں حکمران واقعی مخلص ہیں تو وہ نوجوان کو اعتماد میں لے لیں، اس پر بھروسہ کریں اور ان کی بے پناہ قوت و صلاحیت کو بروئے کارلائے تو  کرپشن کے خلاف کسی نیب یا دوسرے ادارے کی ضرورت ہی نہیں رہے گی ۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان اس ملک کا سب سے بڑا سرمایہ ہے ، ترقی کی ریل گاڑی کو آگے چلانا، قوم کومنزل مقصود تک پہنچانا ان ہی کا کام ہے اور یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہماری آبادی کا 64فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے جن پرہم ایٹم بم سے زیادہ فخرکرسکتے ہیں جن کو اللہ نے اس ملک کے لیے نجات اور ترقی کا ذریعہ بنائی ہے لیکن شرط یہ ہے کہ ان کی شخصیت اور کردار کو مطلوبہ سانچے میں ڈھال دیں اور انہیں وی وی آئی پی کی حیثیت اور عزت دے دیں تو قوم کی ترقی کی چابیاں ان کی جیبوں میں پڑی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسوہ حسنہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور ہم اپنی اجتماعی اور انفرادی زندگیوں میں اسی سے روشنی اور رہنمائی حاصل کرکے کامیابی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔

اس سے قبل جے۔آئی یوتھ کے ضلعی صدر وجیہ الدین نے جے ۔آئی یوتھ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ سیرت کوئز کا انعقاد بھی تربیت کا ایک حصہ تھا جس میں ضلع بھر سے طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ جے آئی یوتھ ایک منظم پروگرام اور منصوبہ بندی کے ساتھ نوجوانوں کی تربیت کا بیڑا اٹھا یا ہوا ہے جوکہ سرمایہ ملت ہے ۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے امیر ضلع مولانا جمشید احمد اور ایم ایم اے کے ضلعی صدر قاری عبدالرحمن قریشی بھی موجود تھے۔ سیرت کوئز میں نمایان پوزیشن لینے والے طلباء وطالبات میں نقد انعامات تقسیم کئے گئے جن میں ثانیہ ناز مسلم ماڈل سکول کیسو دروش پہلا انعام (30ہزار روپے)، جویریہ غفور فرنٹئر کور پبلک سکول دروش دوسرا انعام (20ہزار) اور رحیلہ رحمن تیسر انعام (10ہزار روپے) کے حقدار پائے تھے۔ اس موقع پر کوئز پروگرام کے منتظمین کو بھی اعزازی شیلڈ دے دئیے گئے جبکہ جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر وجیہ الدین کی طرف سے سینیٹر مشتاق احمدکو سووینئر پیش کیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email