دفتر ویلج کونسل کوغذی میں رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن کا اجلاس

کوغذی (ایم۔فاروق ) تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز دفتر ویلج کونسل کوغذی میں "ادارہ رائٹ ٹو پبلک سروس کمیشن”کی طرف سے عوامی خدمات کے حصول اور ازالے کے سلسلے میں آگاہی اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں ویلج کونسل کوغذی کے چیئرمین خورشید حسین مغل ایڈووکیٹ، نائب چیئرمین وی۔سی کوغذی اعجاز احمد، پی۔پی۔پی چترال کے سنئیر نائب صدر شریف حسین، سماجی کارکن کبیر اللّٰہ، کونسلر شمس الدین سمیت علاقہ کوغذی کے معتبر شخصیات نے شرکت کی۔

اس اجلاس میں "Right To Public Service Commission” ضلع چترال کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر جناب منیر احمد صاحب بطور مہمان خصوصی تشریف فرما تھے، انہوں نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ پبلک سروسز کمیشن عوام کی خدمات تک رسائی ، بروقت فراہمی اور شفاف انداز میں خدمات کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

اس ادارے کا بنیادی مقصد سرکاری اداروں میں عوام کی خدمات کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام باآسانی اپنے مسائل حل کرسکیں لیکن عوام ابھی تک رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن کی خدمات سے استفادہ حاصل نہیں کررہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارے کی زیر نگرانی 19 خدمات شامل ہیں جن میں ایف۔ائی۔آر، رجسٹریشن، تمام گاڑیوں کی لائسنس کا اجراء، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ ، زمین کا فرد، اسلحہ لائسنس بنانے کا عمل، زمین کے حدود کا تعین، رجسٹرڈ دستاویزات کے مصدقہ کاپیوں کا اجراء، بلڈنگ پلان، اندرون و بیرون شہر کاروباری عمارات کے ڈیزائن کی منظوری ، پینے کے پانی کا کنکش، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، علاقے میں کوڑا کرکٹ کی صفائی و ستھرائی، عمارتی لکڑی کا پرمٹ، ہسپتالوں میں علاج معالجہ اور ایمرجنسی خدمات کی یقین دہانی، ادویات کے لائسنس کا اجراء، گاڑیوں کی رجسٹریشن، زکواۃ کمیٹی سے فنڈ کا اجراء ( جہیز فنڈ، تعلیمی وظائف وغیرہ) ہے۔

واضح رہے کہ مندرجہ بالا خدمات کی فراہمی کے وقت تاخیر یا بروقت فراہمی نہ ہونے کی صورت میں ادارہ رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن ان متعلقہ سرکاری اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا پابند ہے کیونکہ یہ ادارہ ہی عوام کی خدمات کو یقینی بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔ لیکن ضرورت اس امر کی کہ عوام اس ادارے کو ساتھ لیکر چلے تاکہ ان کے مسائل با آسانی حل ہوسکیں۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر منیر احمد صاحب نے کہا کہ عنقریب کوغذی میں رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن کا ایک بڑا اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں کوغذی و برغوزی کے عوام کو مدعو کیا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email