کوغذی یوٹیلیٹی اسٹور میں اشیائے خورد نوش کا فقدان :صارفین مایوس

کوغذی (نمائندہ زیل)یوٹیلیٹی اسٹورز جو کہ  اسں ملک کے غریب عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہیں غریب اور بے بس طبقے کے لیے سبسڈی  دی جاتی ہے اور عوام اس سے استفادہ  کرتے ہیں۔ اس ادارے کے قیام کا اہم ترین مقصد بحران کے زمانے میں عوام کو بلا تعطل اشیاء خوردونوش مناسب نرخوں پر فراہم کرنا ہے۔ اسی طرح رمضان المبارک جیسے مواقع پر جب اشیاء کی مصنوعی قلت اور مصنوعی مہنگائی کا احتمال ہوتا ہے یوٹیلیٹی اسٹورز پر مطلوبہ اشیاء رعایتی نرخوں پر فراہم کی جاتی ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز مہنگائی کی چکی میں پسنے والے ان غریب عوام کا سہارا سمجھے جاتے ہیں جو ایک ایک پیسہ بچا کر گزارا کرتے ہیں لیکن بدنظمی کہیے یا حکام کی عدم توجہی روزبروز اس ادارے کی حالات بدتر ہوتے جارہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے اس ادارے پر عوام کے ٹیکسوں سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ غریب عوام کو اس کا ثمر ملنا چاہئے۔ شروع میں یہ ادارہ عوام کے لیے نہایت مفید رہا ہے اور خود بھی نفع بخش رہا ہے اب بھی اس پر بھر پور توجہ دی جائے تو اس پر صارفین کا اعتماد بحال ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ کئی سالوں سے کوغذی میں یوٹیلیٹی اسٹور موجود ہے جہاں سے یہاں کے صارفین کو سہولیات ملتی تھیں لیکن اب وہاں پر گزشتہ کئی ہفتوں سے چینی و دیگر اشیاء خوردنوش کا شدید فقدان ہے  اور صارفین روز بروز مایوس ہوکر واپس چلے جاتے ہیں۔ موجودہ حکومت نے عوام کے لیے رمضان سبسڈی کا اعلان تو کر رکھا ہے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ سٹورز پر نرخنامے بھی آویزاں کیے گئے ہیں لیکن روزمرہ کی اشیاء خوردونوش ابھی تک متعلقہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر موجود نہیں ہیں جسکی وجہ سےکوغذی ،کجو،برغوزی ،گولین،استنگول ،موری اور مروئےکے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عوام نے متعلقہ ادارے پر زور دیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرلے تاکہ غریب عوام اس بابرکت مہینے میں مشکلات میں دوچار نہ ہو۔

Print Friendly, PDF & Email