حاجی مغفرت شاہ جماعت اسلامی کی طرف سےالیکشن لڑیں گے

چترال (زیل نمائندہ) عام انتخابات 2018ء جو رواں سال جولائی کی 25تاریخ کو ہوں گے این اے ون یا پی کے ون سے جماعت اسلامی کی طرف سے ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ امید وار ہوں گے۔ گزشتہ دنوں جماعت اسلامی چترال کے ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں خفیہ رائے شماری کی گئی جس کی رو سے 80فیصد اراکین نے مغفرت شاہ کے حق میں جبکہ 20فیصداراکین مولانا عبدالاکبر چترال کے حق میں ووٹ دئے۔ اجلاس کے شرکاء کی اکثریت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایم ایم اے کی صورت میں جماعت اسلامی کو قومی یا صوبائی اسمبلی کی صرف ایک نشست مل سکتی ہے اور اس کے لیے  ایک ہی امیدوار کا چناؤ وقت کا تقاضا ہے اور موجودہ ضلع ناظم ہی بہترین اور مظبوط امید وار ہوسکتے ہیں ۔ مجلس شوریٰ کے اجلاس کے  فیصلے کوا میرجماعت اسلامی چترال مولانا جمشید احمد نے صوبائی جماعت کو توثیق کے لیے بھیج دی ہے جس کی روشنی میں نام کا باضابطہ اعلان چند دنوں کے اندرمتوقع ہے۔مجلس شوریٰ کے اس فیصلے کے بعد سابق ممبرقومی اسمبلی مولانا عبدالاکبرچترالی  انتخابی دوڑ سے باہر ہوچکے ہیں اور حاجی مغفرت شاہ ایم ایم اے چترال کے پلیٹ فارم سے جماعت اسلامی کی طرف سے الیکشن لڑیں گےتاہم جمیعت علماء اسلام (ف) کی طرف سے ممکنہ امیدواروں کے ناموں کا اعلان ابھی تک نہیں ہوا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق مولانا حسین احمد یا مولانا ہدایت الرحمان ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے جے یوآئی کے ممکنہ امیدوار ہوں گے۔

Print Friendly, PDF & Email