تورکھو میں کھلی کچہری،ڈپٹی کمشنر کی شرکت

تورکھو شاگرام( شرف الدین کاشفی )ہفتے کےدن ڈپٹی کمشنر چترال ارشادعلی سودھر نے تورکھو کے ہیڈکوارٹر شاگرام میں ایک کھلی کچہری میں شرکت کی۔ڈی سی چترال کے ہمراہ تمام لائن محکمہ جات کے سربراہان سمیت عمائدین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی سی چترال نے کہا کہ اس قسم کے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ممکنہ حل کی طرف قدم بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال ایک دور افتادہ علاقہ ہونے کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں پیچھے ہے جس کی وجہ سے یہاں وسائل سے زیادہ مسائل ہیں۔ ارشاد علی سودھر نے یقین دہانی کی کہ علاقے کے مسائل کے حل میں بھر پور  کوشش کی جائے گی اور اپنی ذمہ داری کا احساس  نصف مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس موقع پر انتظامی سربراہ نے تمام محکمہ جات کے سربراہان کو تاکید کی کہ وہ مہینے میں ایک دو بار دورافتادہ علاقوںکا دورہ کرکے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ  ممکنہ حل میں کردار ادا کریں۔ کھلی کچہری کے موقع پر علاقے کے عمائدیں اور عوامی نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر کا  شکریہ ادا کیا اور مسائل کے انبار بھی لگادیے ۔عوام نے تورکھو روڈ میں کام کی سست روی ،بجلی کی عدم دستیابی ، بنیادی صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ناقص کارکردگی پر کھل کر بات کی جس پر ڈی سی غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو جلد کردارادا کرنے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ آخر میں ڈی سی چترا ل نے آر ایچ سی کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال میں سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد عوام کو سستی اور آسان سہولت بہم پہنچانے کے عزم کا اظہا رکیا۔

 

Print Friendly, PDF & Email