چترال میں دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ: ہر قسم کے جلسے جلوس پر پابندی

چترال(گل حماد فاروقی)چترال  میں دو ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ ہر قسم کے جلسہ جلوس، موٹر سائکل کے ڈبل سواری اور تین افراد سے زیادہ کے اکٹھے ہونے پر پابندی۔ حالات زیر قابو ہیں ڈپٹی کمشنر شہاب حمید یوسفزائی۔
چترال(گل حماد فاروقی) جمعہ کے روز ایک شحص جس کا دماغی توازن خراب بتایا جاتا ہے نے شاہی مسجد میں آکے پیغمبر ی کا دعوی ٰ کیا تھا۔جسے پولیس نے گرفتار کیا  اس پر مشتعل عوام نے تھانہ چترال پر دھاوا بول دیا  اور پتھراؤ کیا  جس سے ماڈل رپورٹنگ سنٹر کی کھڑکیاں، دروازے، شیشے، روشندان، ٹی وی، فرنیچر سب کچھ ٹوٹ چکے ہیں۔   ان کا مطالبہ تھا کہ اس نے گستاخی کی ہے اسے ہمارے حوالے کیا جائے  ۔ پولیس نے عوام کو منتشر کرنے کیلئے آنسوگیس کے گولے پھینکے اور ہوائی فائرنگ کی۔ رات  گئے تک چترال پولیس نے رشید احمد ولد نور احمد سکنہ ریچ کے خلاف زیر دفعہ 295/C, 7ATAتعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ بھی درج کیا تاہم عوام کافی مشتعل تھے۔
حالات کو قابو کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر چترال شہاب حامد یوسفزائی نے دفعہ 144 لگایا جس کے تحت دو ماہ تک چترال بازار میں ہر قسم کا جلسہ جلوس، موٹر سائیکل کے ڈبل سواری اور تین افراد سے زیادہ لوگوں کے اکھٹے ہونے پر پابند ی لگادی۔
ہفتے کے روز بھی دفعہ ۱۴۴ کے باوجود لوگوں کا اشتعال کم نہ ہوا۔ اطلاعات کے مطابق کاری کے مقام پر لوگوں کا جم غفیر چترال کی طرف مارچ کر رہے تھے تاہم اسسٹنٹ کمشنر عبد الاکرم کے مطابق  انہوں نے  لوگوں کے مطالبات کو تسلیم کیا اور ان کو منتشر کیا۔
حالات  پرقابو پانے کیلئے چترال کے علاوہ دیر، شانگلہ اور دیگر اضلاع سے بھی پولیس بلایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چترال سکاؤٹس، چترال لیویز اور پاک فوج کے جوان بھی گشت کرر ہے ہیں اور محتلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے ہر آنے جانے والے شحص پر نظر رکھے ہوئے ہیں ان کے شناحتی کارڈ چیک کرتے ہیں اور تلاشی لینے کے بعد ان کو آگے جانے کی اجازت دے رہے ہیں
آج ہفتے کے روز چترال کی تمام مارکیٹیں اور بازاریں بند رہیں شاہی بازار، کڑوپ رشت بازار، اتالیق بازار، جنگ بازار اور دنین وغیرہ سب بند ہیں جس میں ہوٹل، چائے کی دکانیں،سبزی، گوشت، مرغی ، مٹھائی کی دکانیں بھی بند رہی اور تندور بند ہونے  کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حالات قابو میں ہیں اور امید ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی قابو میں رہیں گے ان کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ چترال کی مثالی امن کو ہر قیمت پر برقرار رکھے اور یہاں کسی قسم کی بدامنی کی فضا ء پیدا نہ ہو۔
چار روزہ جشن قاقلشٹ کا میلہ بھی ہفتے کے روز ملتوی ہوگیا جس کی احتتامی تقریبات اتوار کے روز ہونے تھے۔
ادھر مشتعل عوام نے جمعے کے روز خطیب شاہی مسجد مولانا خلیق الزمان کی ذاتی موٹر کار کو بھی آگ لگا کر جلایا جو شاہی مسجد کے احاطے میں کھڑا تھا۔

Print Friendly, PDF & Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے