آج کا دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم وطن عزیز کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک کریں۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ

چترال(نمائندہ زیل نیوز) یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر ضلع چترال میں سب سے بڑی تقریب چترال سکاؤٹس پارک میں منعقد ہوئی۔ جس میں فوجی و سول افسران، ان کے اہل خانہ سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی مختلف سکولوں کے طلباؤ طالبات نے سٹالز لگائے اور  ماڈلز، خطاطی،  پنسل سکیجز اور سوزن کاری   کے نمونے پیش کیے۔

چترال سکاؤٹس اور پاک آرمی کی طرف سے مختلف ہتھیاروں اور  ڈرون کی نمائش بھی کی گئی۔ جسے حاضرین نے  دلچسپی سے دیکھا اور سراہا۔  اس کے علاوہ گھڑ سواری،  نشانہ بازی  وغیرہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ تقریب کے دوران ایف سی سکول اینڈ کالج کے طلبہ و طالبات نے تقریر، خاکے، ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے لیے اللہ پاک کا عظیم تحفہ اور انعام ہے جس کی قدر کرنا ہم سب پر فرض ہے اور اس دن ہمیں یہ تجدید عہد کرنا ہے کہ ہم وطن عزیز کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک کریں تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے

انہوں نے نئی نسل کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ  سے پوری قوم کی توقعات وابستہ ہیں۔ اس لیے ان توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے کہاکہ اگر آج پاکستان نہ ہوتا  توہم دوسروں کے رحم و کرم پر ہوتے جہاں ہم کسی بھی طرح سے محفوظ نہیں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ملکی حالات ہم سے یہ تقاضا کررہے ہیں کہ جس طرح ہماری افواج جان جوکھوں پر ڈال کر دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال ڈال کر محاذ پر سر گرم عمل ہے۔ ہمیں بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وطن کے لیے جینا  اور وطن کے لیےمرنا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ ہم یوم پاکستان 23 مارچ ہر سال مناتے ہیں مگر اس عہد کی پاسدار ی میں ہم کمزوری دیکھاتے ہیں.

تقریب کے آخر میں چترالی موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا. تقریب کی نظامت کے فرائض احسان شہابی نبھا رہے تھے۔

Print Friendly, PDF & Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے