عمران خان نے چترال کو 55کروڑ روپے کا پیکیج دیا ۔ لیکن ہمارے نمایندگان کریڈٹ لینے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔عبداللطیف

چترال ( نمائندہ زیل ) پاکستان تحریک انصاف چترال کے نو منتخب صدر عبداللطیف نے کہا ہے کہ قائد پی ٹی آئی نے جن وعدوں کا اعلان کیا تھا
انتہائی مختصر وقت میں ان پر عملدر آمد کرکے لوگوں کو تحریک انصاف میں شامل ہونے پر مجبور کیا ہے اور انشاء اللہ 2018کا سورج الیکشن میں تحریک انصاف کی کامیابی لے کر طلوع ہو گا ۔ کیونکہ چترال اور صوبے کے بے یارو مددگار لوگوں کی دعائیں تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے ساتھ ہیں جنہوں نے ملازمتوں میں رشوت ، اقرباء پروری اور کرپشن کا خاتمہ کیا اور اس سے بے سہارا لوگوں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چترال پولو گراؤنڈ میں اپنے استقبال کیلئے آنے والے سینکڑوں لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر پارٹی کے دیگر قائدین ، حاجی سلطان محمد ، محمد علی جناح لال ، محمد قاسم اور رضیت باللہ بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی اور پی پی پی کی مخلوط حکومت میں معمولی ملازمت کے لیےدو سے تین لاکھ روپے رشوت کے ساتھ ساتھ ایم این اے اور ایم پی ایز کے پیچھے در در کی ٹھوکریں کھا نی پڑتی تھی ۔ جس سے لوگوں کو نجات مل گئی ہے ۔ اب صرف اور صرف قابلیت کی بنیاد پر بلا امتیاز نوجوان اپنے حقوق حاصل کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت چترال کو ترقی کی راہ پر دیکھنا چاہتی ہے اور مختلف منصوبوں پر 150ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں ،جبکہ 18ارب روپے کے لاوی پراجیکٹ پر کام کا آغاز ہو چکا ہے ۔ عبداللطیف نے کہا کہ واپڈا کے ماہرین کے مطابق چترال میں 68ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے لیکن سابقہ حکومتوں نے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں بعض لوگ یونیورسٹی کے قیام کے بارے میں صوبائی حکومت کے فیصلے سے متعلق ابہام پیدا کر رہے ہیں اور اسے وفاقی یونیورسٹی کے خلاف قرار دے رہے ہیں جس میں کوئی حقیقت نہیں
عمران خان نے صوبے میں تعلیمی اصلاحات لایا ہے اور وہ چترال کے لیے اعلان کردہ یونیورسٹی تعمیر کرکے رہیں گے ۔ جس کیلئے انہوں نے 30 کروڑ روپے منظور کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک چترال میں 900اساتذہ بھرتی ہو چکے ہیں جو کہ موجودہ حکومت میں ایک ریکارڈ ہے انہوں نے نصاب میں قرآن پاک کو شامل کرنے اور اسلامی بینکاری کو ایک اہم کارنامہ قرار دیا اور کہا کہ سود خوروں کیلئے اب صوبے میں زندگی تنگ ہوتی جارہی ہے ۔ انہوں جہیز اور ختم نبوت کے قانون کو بھی صوبے کی اہم کارکردگی سے تعبیر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چترال کو 55کروڑ روپے کا پیکیج دیا ہے ۔ لیکن ہمارے نمایندگان ایک سے بڑھ کر ایک کریڈٹ لینے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔

Print Friendly, PDF & Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے