خواتین ممبران کےمسلسل احتجاج : کنوئنیر ضلع کونسل کمیٹی تشکیل دینے پر مجبور

چترال ( نمائندہ زیل) تقریبا دو مہینے سے مسلسل احتجاج کے بعد بالاخر کنوئنیر ضلع کونسل چترال مولانا عبدالشکور نے خواتین ممبران کا مسئلہ حل کرنے کے سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ کمیٹی خواتین کے مطالبات کا جائزہ لے گا اور حتمی فیصلہ ضلع کونسل میں پیش کرے گا ۔ منگل کے روز ضلع کونسل کا اجلاس کنونئیر ضلع کونسل کی زیر صدارت دوبارہ شروع ہوا تو خاتون ممبر آسیہ انصار ، حصول بیگم ، شکیلہ بی بی ، نگہت پروین اور صفت گل نے بھر پوراحتجاج کرتی ہوئیں کہا کہ تمام خواتین ممبران ایک جمہوری عمل کے نتیجے میں ضلع کونسل میں آئی ہیں اور کونسل میں اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا اُن کا حق ہے ۔ فنڈ کی منصفانہ تقسیم تک اُن کا احتجاج جاری رہے گا ۔ اس پر ممبر ڈسٹرکٹ کونسل لاسپور ذولفی ہنر شاہ نے یہ تجویز پیش کی کہ خواتین کا مسلسل احتجاج چترال جیسے ثقافتی اقدار کی حامل ضلع کے ساتھ اچھا نہیں لگتا ۔ اس لیے ان کے مسئلے کا جائزہ لینے اور حل نکالنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے ۔ اس تجویز کے ساتھ مولانا جمشید احمد جماعت اسلامی ، مولانا عبد الرحمن ، غلام مصطفی اور دیگر ممبران نے اتفاق کیا ۔ جس پر کنوئنیر نے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ۔

Print Friendly, PDF & Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے