ہم نے خدمت کے ریکارڈ قائم کیے اس لیے قوم نے ہم پر بار بار اعتماد کیا، رانا ثناءاللہ

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ہم نے خدمت کے ریکارڈ قائم کیے اس لیے قوم نے ہم پر بار بار اعتماد کیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے مسلم لیگ ن پنجاب کے زیر اہتمام ساہیوال ڈویژن کی میٹینگ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے خدمت کے ریکارڈ قائم کیے اس لیے قوم نے ہم پر بار بار اعتماد کیا، اگر بات خدمت اور ترقی کی آئے گی تو میاں نواز شریف ہی پاکستان کے پاپولر اور بااعتماد لیڈر ہوں گے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پوری دنیا ہمیں ترقی کرتا دیکھ رہی تھی لیکن ہماری ترقی کو بار بار روکا گیا، نواز شریف نے تمام تر مخالفت کے باوجود قومی غیرت سے فیصلے کیے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ اگر 12 اکتوبر 1999 نہ آتا تو پاکستان ترقی کر چکا ہوتا۔ 1999 سے پہلے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا کسی نے نام تک نہیں سنا تھا۔ ہمیں اپنے ماضی کی خدمات کی بات کرنی چاہیے ناکہ مخالفین کے پروپیگنڈے کا جواب دینا چاہیے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے دوبارہ حکومت بنائی تو لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی جیسے چیلنجز کا سامنا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے اسحاق ڈار کی بہتر پالیسیوں سے 5.8 جی ڈی پی کا ہدف حاصل کیا ہے۔ ہم 6 اور 7 جی ڈی پی حاصل کرنے کے قابل بن رہے تھے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ تبدیلی کی سزا اتنی ظالم ہے کہ لوگ رو رہے ہیں۔ والدین کی ادویات، گھر کا خرچہ اور بچوں کی اسکول فیس ادا نہیں ہو رہی، پیٹرول اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اور کیا حشر ہو سکتا ہے۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ تنظیمی کمزوریوں کو ختم کرنا بہت ضروری ہو گیا ہے۔

The post ہم نے خدمت کے ریکارڈ قائم کیے اس لیے قوم نے ہم پر بار بار اعتماد کیا، رانا ثناءاللہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email