انجکشن سے چھٹکارا پانا ہوا آسان، ماہرین نے حل نکال لیا

امریکی سائنسدانوں نے باریک سوئیوں والا ایک اسٹیکر بنایا ہے جسے جِلد پر لگا کر ویکسینیشن کا عمل انجام دیا جاسکتا ہے اور انجکشن سے چھٹکارا بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

اگر آپ انجکشن کی سوئی سے خوفزدہ ہیں اور اسی ڈر سے کورونا کی ویکسین لگوانے سے بھی گھبرا رہے ہیں تو پر سکون ہوجائیں ،امریکی سائنسدانوں نے بڑا آسان حل ڈھونڈ لیا۔

 اسٹینفرڈ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا چیپل ہِل نے اسٹیکر نما پیوند تیار کیا ہے جو ابتدائی آزمائش میں سوئی والی ویکسین سے بہتر اور مؤثر ثابت ہوا ہے۔

اس اسٹیکر میں بہت ساری باریک سوئیاں نصب ہیں اور جب انہیں جلد پر چپکایا جاتا ہے تو سوئیوں میں موجود ویکسین کی خوراک جلد کے اندر سرایت کرجاتی ہیں اور یوں ویکسین دینے کا عمل مکمل ہوجاتا ہے۔

اس کا ایک فائدہ یہ ہے کہ جلد میں امنیاتی خلیات موجود ہوتے ہیں جو عموماً ویکسین کا ہدف ہوتے ہیں، یہ طریقہ روایتی طور پر ویکسین دینے سے کئی گنا بہتر ہے جس میں عموماً بازو میں ٹیکہ لگایا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ اسے مکمل طور پر تھری ڈی پرنٹر سے کاڑھا گیا ہے جس میں ڈاک ٹکٹ کی جسامت کے پولیمر ٹکڑے پر باریک سوئیاں لگائی گئی ہیں،  سوئی کی بانسبت اس سے  تکلیف کم ہوتی ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد کو بہت تیزی سے ویکسین یا کسی اور دوا کا ٹیکہ لگایا جاسکتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کی بدولت پوری دنیا کے لوگوں میں ویکسین کی کم، درمیانی یا زیادہ خوراک لگائی جاسکتی ہے۔ اس کے لئے خاص مہارت کی ضرورت نہیں ہوتی  بلکہ مریض خود  بھی اسے استعمال کرسکتا ہے۔

اس منفرد  ایجاد کا دوسرا اہم پہلو یہ ہے کہ سوئیوں کی تعداد اور خوراک کی مقدار کو کم یا زیادہ کیا جاسکتا ہے  ۔

واضح رہے کہ مستقبل میں تھری ڈی پرنٹر سے کئی اقسام کے پیوند بنا کر انہیں، فلو، خسرہ، کووڈ اور ہیپاٹائٹس کی ویکسین سے لیس کیا جاسکتا ہے۔

 

The post انجکشن سے چھٹکارا پانا ہوا آسان، ماہرین نے حل نکال لیا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email