افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور برطانیہ کی سوچ میں ہم آہنگی ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور برطانیہ کی سوچ میں ہم آہنگی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ہاؤس آف کامنز سلیکٹ کمیٹی برائے خارجہ امور کے سربراہ ٹام ٹگن ڈاٹ اور ڈیفنس کمیٹی کے سربراہ ٹوبیاس ایلووڈ کی سربراہی میں برطانوی پارلیمنٹیریرینز کے وفد نے ملاقات کی ہے، وفد کی ملاقات پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ہوئی، ملاقات میں وزیر خارجہ نے برطانوی پارلیمنٹیرینز کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور برطانیہ کی سوچ میں ہم آہنگی ہے، دونوں ممالک افغانستان میں قیامِ امن چاہتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے، عالمی برادری افغانوں کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے آگے بڑھے، افغانستان میں عدم استحکام سے افغان مہاجرین کی یلغار سمیت کئی مسائل سر اٹھائیں گے، ہمیں آج حقیقت پسندانہ سوچ کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

وزیر خارجہ نے برطانوی پارلیمنٹیریرینز کو بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم، بدترین محاصرے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے بھارتی قابض افواج کے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر 131 صفحات پر مشتمل “ڈوزئیر”جاری کیا ہے جس میں بھارتی افسران کے جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹھوس شواہد دنیا کے سامنے رکھ دیے ہیں تاکہ وہ خود ان حقائق کو جانچ سکیں، پاک برطانیہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ قریبی دوست اور دیرینہ شراکت دار ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ پاک برطانیہ اسٹریٹیجک شراکت داری کو آگے بڑھایا جائے اور  تعلقات کو اگلے درجے تک لے جایا جائے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگلے سال پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سالہ جشن کو شاندار طریقے سے منانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم اور فعال بنانے اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کی خدمات کو بہتر طور پر بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

The post افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور برطانیہ کی سوچ میں ہم آہنگی ہے، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email