صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہاکی لیگ کا انعقاد کیا جارہا ہے ، محمود خان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہاکی لیگ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے مرکزی وزیر برائے بین الصوبائی امور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً صوبے میں کھیلوں کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مرکزی وزیر برائے بین الصوبائی امور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ محمود خان کی سربراہی میں صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے ، قومی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لیے  نیشنل اسپورٹس پالیسی 2021 کو حتمی شکل دی گئی ہے ، اس پالیسی پر عملدرآمد کے سلسلے میں صوبائی حکومتوں کا اہم کردار ہوگا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے ، ہاکی لیگ کے انعقاد سے  نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک میں اس قومی کھیل کو دوبارہ فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ نو مہینے کی قلیل مدت میں صوبے میں چار ہاکی آسٹروٹرف مکمل کیے گئے ہیں ، ہاکی آسٹروٹرف کے دیگر نو منصوبوں پر کام جاری ہے ، کرکٹ کے فروغ کے لیے بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیے جارہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ ہاکی اور کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، صوبائی حکومت نئی نیشنل اسپورٹس پالیسی پر عملدرآمد کے سلسلے میں بھر پور تعاون کرے گی۔

The post صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہاکی لیگ کا انعقاد کیا جارہا ہے ، محمود خان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email