وفاقی حکومت کا کراچی کی عوام کے ساتھ کیا گیا وعدہ آج پورا ہو رہا ہے، ترجمان ریلوے

ترجمان ریلوے کا کہنا ہےکہ وفاقی حکومت کا کراچی کی عوام کے ساتھ کیا گیا وعدہ آج وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی سرپرستی میں پورا ہونے جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان ریلوے کا کہنا ہےکہ 1999 میں بند ہونے والی کراچی سرکلر ریلوے کا آج 22 سال بعد وزیر اعظم پاکستان عمران خان انفراسٹرکچر مرحلے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

ترجمان ریلوے کے مطابق سنگِ بنیاد کی تقریب کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر منعقد ہورہی ہے، جس میں وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی کے علاوہ گورنر سندھ عمران اسماعیل، حکومتی وزراء اور اہم شخصیات شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے کا 29 کلومیٹر ٹریک بغیر پھاٹک کے بچھایا جائے گا۔ اس ٹریک پر 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کراچی سرکلر ریلوے چلے گی اور ایک ٹرین میں 814 مسافروں کی بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

ترجمان ریلوے کا اس حوالے سے مزید کہنا ہےکہ کراچی سرکلر منصوبے پر کل لاگت 207 ارب روپے آئے گی اور یہ 36 ماہ میں مکمل کیا جائے گا ۔

ترجمان ریلوے کے مطابق یہ منصوبہ دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا ، پہلے مرحلے میں انفراسٹرکچر کو بحال کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں ٹرین آپریشن کو بحال کیا جائے گا۔

 

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ دورہ کراچی کےلئے روانگی سے قبل وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملکی تاریخ اور پاکستان ریلوے کا ایک بڑا باب آج کھل رہا ہے، کراچی سمیت ملک بھر کے شہر قائد میں موجود شہری مستفید ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کراچی کی عوام سے والہانہ محبت کا اظہار ہے جس میں صاف پانی، جدید سفری سہولیات، ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا وژن شامل ہے اور اس میں کراچی سرکلر ریلوے کے ذریعے پاکستان ریلوے کا قلیدی کردار ہوگا۔

وزیرریلوے اعظم سواتی نے کہاکہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں کے سی آر، سڑکیں، صاف پانی جیسے منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں آج کراچی میں بڑے منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔ وزیراعظم کا کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کراچی کی عوام سے والہانہ محبت کا اظہار ہے۔

واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔

The post وفاقی حکومت کا کراچی کی عوام کے ساتھ کیا گیا وعدہ آج پورا ہو رہا ہے، ترجمان ریلوے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email