عالمی سطح پر انصاف کا کوئی نظام نہیں ہے، جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم خان

جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم خان نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر انصاف کا کوئی نظام نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں کشمیر سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں جنرل ریٹائرڈ سینیٹر عبدالقیوم، چیئرمین تحریک جوانان پاکستان عبداللہ گل اور کشمیری رہنما راجہ سکندر نے خصوصی شرکت کی اور جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم خان نے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے، اسے انسانی بنیادوں پر حل کیا جائے تو بہتر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑی تعداد میں خواتین کی عصمت دری کی گئی اور کشمیر میں ہزاروں خواتین بیوہ ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برہان وانی نے آزادی کے لیے جان کی قربانی دی، برہان وانی کا بھی وہی رول تھا جو جارج واشنگٹن کا تھا۔
عبدالقیوم خان کا کہنا تھا کہ یو این تو ایک طفیلی ادارہ ہے جس کی کوئی وقت نہیں۔ اقوام متحدہ نے آج تک انسانی حقوق کی بات نہیں کی اور نہ ہی کبھی مہاجرین کے مسائل حل کرنے کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر انصاف کا کوئی نظام نہیں ہے، طاقتور ممالک یو این سیکورٹی کونسل میں قرارداد ویٹو کر دیتے ہیں۔ اقوام متحدہ تنازعات کے حل میں ناکام ہو گیا ہے۔
کشمیری رہنما راجہ سکندر خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیمینار کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔
راجہ سکندر خان کا کہنا تھا کہ برطانیہ، امریکہ اور دیگر ممالک میں بھارت کے خلاف مظاہرے کیے جاتے ہیں، بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔
کشمیری رہنما راجہ سکندر خان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم انتہا کو پہنچ گئے ہیں۔

The post عالمی سطح پر انصاف کا کوئی نظام نہیں ہے، جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم خان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email