اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کیلئے پرعزم ہیں، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کیلئے پرعزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں ان کو سرمایہ کاری کی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ وزیراعظم  کو اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، ہمیشہ ملک کو ضرورت پڑنے پر ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں نے تعاون کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کو ووٹ کا حق دلانے کی کوشش جاری ہے، اس معاملے پر ہونے والے اعتراضات کو دور کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئےای کچہری سسٹم بھی لارہے ہیں، امریکا کیلئے براہ راست پی آئی اے فلائٹس چلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، پی آئی اے کے ساتھ ماضی میں جو کچھ ہوتا رہا وہ سب آپ کے سامنے ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مہمان کرکٹرز کو ہیلی کاپٹر سمیت تمام سہولیات دینے کی پیشکش کی، لیکن کرکٹ بورڈ نے ہر بات ماننے سے انکار کیا، وقت کے ساتھ سب کچھ سامنے آجائے گا، سیکیورٹی ایجنسیز نے آگاہ کیا کہ کوئی سیکیورٹی تھرٹ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم سیکیورٹی سے مطمئن تھی اس لیے پاکستان آئی، پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کو کوئی تھریٹ موصول نہیں ہوئی، بس کے بجائے ہیلی کاپٹر سےٹیم کواسٹیڈیم پہنچانے کی بھی پیشکش کی۔

وفاقی وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم نے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں اٹھا کر اس میں نئی روح پھونک دی ہے، بھارت کا کشمیر کو اندرونی معاملہ قرار دینے کو سختی سے رد کیا۔

اس کے علاوہ شاہ محمود قریشی نے مصر کے ہم منصب سامح شکری سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان مصر کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک میں یکساں اقدار تعلقات کو مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں، دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع ہیں، پاک مصر فرینڈ شپ گروپ پارلیمانی روابط کے فروغ کے لیے متحرک ہے۔

The post اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کیلئے پرعزم ہیں، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email