شجرکاری مہم کے تحت 60 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شجرکاری مہم کے تحت 60 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرِ صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ منصوبے سے متعلقہ امور کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیلئے 44 ہزار ایکڑ اراضی کا انتخاب کیا گیا ہے، 6 ہزار ایکڑ اراضی پر انڈسٹریل زون بھی بنایا جائے گا،3 بیراج بھی تعمیر ہوں گے، تقریباً 6 لاکھ کیوسک پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شجرکاری مہم کے تحت 60 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، یہ ماحول دوست منصوبہ ہے، یہاں لگائے جانے والے پودے ماحولیات آلودگی میں واضح کمی لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لینڈ ایکوزیشن کا بقیہ کام قواعد و ضوابط کے تحت جلد سے جلد مکمل کیا جائے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے یہ منصوبہ بے پناہ کشش رکھتا ہے، راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی دبئی ایکسپو میں شوکیسنگ کی جائے گی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ دریا کے کنارے بننے والا دنیا کا ایک منفرد اورلاثانی منصوبہ ہے، اس گیم چینجر منصوبے سے ترقی کا نیا باب رقم ہوگا۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسرراوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران امین نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت اورلینڈ ایکوزیشن کے بارے میں بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ اسد کھوکھر، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری ہاؤسنگ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ، سیکرٹری خزانہ، کمشنر لاہورڈویژن، اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

The post شجرکاری مہم کے تحت 60 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، عثمان بزدار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email