طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق وزیراعظم کا بیان خوش آئند ہے، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق وزیراعظم کا بیان خوش آئند ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میری تجویز ہے کہ طالبان کے معاملے پر وزیراعظم پارلیمان میں بھی بحث کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اب تک اس اہم معاملے پر پارلیمان میں بحث نہیں ہو سکی ، خطے کا امن افغانستان سے جڑا ہواہے ، افغانستان سے متعلق فیصلہ افغان عوام کو کرنا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ افغان عوام کو ان کے حقوق دینا ہوں گے ، عالمی برادری کو افغانستان کی مدد کرنا ہوگی۔

اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں عالمی یوم جمہوریت پر پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کی سلامتی اور ترقی کی ضمانت جمہوریت ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ آئین پر من و عن عملدرآمد اور پارلیمان کے احترام کو مقدم رکھے بغیر ملک میں ایک نہیں بلکہ دو پاکستان چلتے رہیں گے، پاکستان جیسے ایک کثیرالثقافتی معاشرے میں وفاقی جمہوریت ہی واحد قابل عمل نظامِ حکومت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام ہی ملک میں شہری و سیاسی حقوق کی پاسداری اور متوازن معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنا سکتا ہے، اس پر کوئی دو رائے نہیں کہ مضبوط جمہوریت اور مضبوط پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو متفقہ آئین کا تحفہ دیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ  شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بحالیِ جمہوریت کے لئے دو آمروں کے خلاف جدوجہد کی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوری اداروں کو مضبوط کیا اور پسماندہ طبقات کو اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں میں نمائندگی دی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا، اپنے صدارتی اختیارات کو پارلیمان کے حوالے کیا، مردِ حر نے مفاہمت کے ذریعے وسیع و جامع حکومت تشکیل دی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ  آج پی پی پی قیادت کی تیسری نسل ’’طاقت کا سرچشمہ عوام ہے‘‘ کا پرچم اٹھائے میدانِ جدوجہد میں کھڑی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی ناجائز و ناکام ترین حکومت کو عوام کے حقوق پر نہ ڈاکہ ڈالنے دے گی اور نہ ہی اسے ریاست کے کسی ستون سے کھیلنے کی اجازت دے کی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا تھا کہ  سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے ہر مخالف آواز کو دبانے اور انتقام کا نشانہ بنانے کا مقصد جمہوریت کو کمزور کرنا ہے، کٹھ پتلیوں نے ایک پاکستان میں پاکستانیوں کو دو گروہوں میں تقسیم کردیا ہے جبکہ اس ملک کو اس کے بانیان نے ایک مملکت کے طور پر قائم کیا تھا۔

The post طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق وزیراعظم کا بیان خوش آئند ہے، بلاول بھٹو appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email