آزاد کشمیر حکومت ایک سال کے اندر بلدیاتی الیکشن کرنے کیلئے پرعزم ہے، عبدالقیوم نیازی

وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت ایک سال کے اندر بلدیاتی الیکشن کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کی ملاقات ہوئی جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم آزاد کشمیر اور وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے کہا کہ سید علی گیلانی کے انتقال کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری جارہی ہے، کشمیریوں کے سفیر وزیراعظم پاکستان عمران خان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر دنیا بھر میں آواز میں بلند کر رہے ہیں۔

عبد القیوم نیازی نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے، ہماری حکومت وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں آزاد خطے میں تعمیر وترقی اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے کام کر رہی ہے۔

وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے مزید کہا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت نے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے 6 ماہ اور 2 سال کے اہداف مقرر کیے ہیں، ایڈہاک ایکٹ ختم کرنے اور احتساب ایکٹ میں ترمیم کیلئے وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے، آزاد کشمیر حکومت ایک سال کے اندر بلدیاتی الیکشن کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر علی آمین گنڈا پور نے آزاد کشمیر حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سردار عبد القیوم نیازی کی قیادت میں آزاد کشمیر میں ترقی کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ وزارت امور کشمیر آزاد کشمیر حکومت کو ہر قسم کی سپورٹ فراہم کرے گی، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی، سید علی گیلانی وفات کے بعد کے واقعات نے بھارت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔

The post آزاد کشمیر حکومت ایک سال کے اندر بلدیاتی الیکشن کرنے کیلئے پرعزم ہے، عبدالقیوم نیازی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email