وزیراعظم آج تاجک صدر سے ملاقات کیلئے صدارتی محل جائیں گے

وزیراعظم آج تاجک صدر سے ملاقات کیلئے صدارتی محل جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کیلئے صدارتی محل جائیں گے ، صدارتی محل میں وفود کی اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

تاجکستان میں موجود وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم کے دورہ تاجکستان کے دوسرے روز کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان تاجکستان کے صدارتی محل جائیں گے، جہاں تاجکستان کے صدر کے ساتھ مذاکرات ہوں گے۔

فواد چوہدری نے مزید بتایا کہ آج کا دن بہت اہم ہے، وزیراعظم کی خواہش ہے کہ تاجکستان اور پاکستان افغانستان کے مختلف نسلی دھڑوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افغان عوام کوانسانی ہمدردی کی بنیاد پرامداد کی ضرورت ہے،افغانستان ایساملک ہے جس میں کوئی باہرسے حکمرانی نہیں کرسکتا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ دنیا کا افغانستان کےساتھ کھڑے ہونے کا وقت ہے، پچھلی افغان حکومت 75 فیصدغیر ملکی امداد پر چل رہی تھی، افغانستان کی موجودہ صورتحال میں عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ طالبان کوسیاسی استحکام کےساتھ افغان عوام کا بھروسہ جیتنا ہوگا، افغانستان میں ایسا سیاسی ڈھانچہ ہو جس میں تمام افغان گروپوں کی نمائندگی ہو، پاکستان سمجھتا ہے افغان عوام اپنے فیصلے خود کریں، پاکستا ن پر امن افغانستان کا خواہاں ہے، پاکستان افغانستان کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے،افغانستان کوتنہا چھوڑا تو مختلف بحران ایک ساتھ جنم لیں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ افغانستان کی صورتحال پوری دنیا کی توجہ کا مرکز ہے،افغانستان کو اپنے حال پر نہیں چھوڑا جا سکتا،عالمی برادری کو افغانستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا، افغانستان کی حقیقت دنیا کو تسلیم کرنا ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ہم نے افغانستان کے حوالے سے ہمیشہ یکساں موقف رکھا ، افغانستان کا مسئلہ ہم سب کومل کرحل کرناہوگا، پاکستان نےدہشت گردی کےخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا،دہشت گرد ی کے خلاف جنگ میں 80 ہزارسےزائد جانوں کی قربانی دی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں معیشت کونقصان پہنچا۔

ان کا کہنا تھا کہ تاجکستان کےساتھ دیرینہ اوربرادرانہ تعلقات ہیں،شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی میزبانی پر تاجک صدر کے مشکور ہیں، تجارت، سرمایہ کاری، روابط کےفروغ کیلئے تنظیم اہم پلیٹ فارم ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ کورونا سے پوری دنیا کی معیشتیں متاثرہوئیں ،خطےکوکئی چیلنجزکا سامنا ہے، ہمیں مل کرمسائل سےنمٹناہے، کورونا میں صحت کےساتھ معاشی صورتحال پر بھی نظر رکھنی ہے، دنیا کا ہیلتھ سیکٹر کورونا صورتحال میں مقابلہ نہیں کرسکتا۔

اجلاس میں خطاب کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کودوسرا بڑا چیلنج ماحولیاتی آلودگی کا ہے، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے ہم نے شجر کاری مہم شروع کی ، دنیا کے مختلف خطے پرعالمی حدت اور ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات مرتب ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی،مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے

واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے 2روزہ دورے پر تاجکستان میں موجود ہیں، دورے کے دوران وزیرِ اعظم کی ایران، قازقستان ، بیلاروس اور ازبکستان کے صدور سے ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں ۔

 

The post وزیراعظم آج تاجک صدر سے ملاقات کیلئے صدارتی محل جائیں گے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email