جامعات طلباء کی اخلاقی تربیت کے حوالے سے تدریسی حصے میں اضافہ کریں، صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جامعات طلباء کی اخلاقی تربیت کے حوالے سے تدریسی حصے میں اضافہ کریں۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو اسلام آباد میں کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کسٹ) کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد منصور احمد نے کَسٹ یونیورسٹی پر بریفنگ دی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یونیورسٹیاں ایچ ای سی کی انسدادِ منشیات اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں، ایچ ای سی کا خصوصی افراد کو ٹیوشن فیس اور ہاسٹل فیس کی مد میں چھوٹ دینا خوش آئند ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جامعات طلباء کی اخلاقی تربیت کے حوالے سے تدریسی حصے میں اضافہ کریں، یونیورسٹیوں میں معیارِ تعلیم بہتر بنانے، داخلہ لینے والے طلباء کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، کسٹ یونیورسٹی اپنے وژن کو جدید تقاضوں کے مطابق بدلے، مقاصد کے حصول کیلئے وقت مقرر کرے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یونیورسٹی کا آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ سائبر سیکورٹی کے شعبے پر خصوصی توجہ دے، کسٹ یونیورسٹی تعلیم کی مقدار بڑھانے کیلئے اقدامات کرے، کورونا کی وجہ سے قیمتی تعلیمی وقت کا ضیاع  کم کرنے کیلئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر جامعات کے مابین روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے، جامعات انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق طلباء کو ہنر سکھائیں۔

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ کسٹ یونیورسٹی نے ایچ ای سی کی انسداد منشیات اور خصوصی افراد کیلئے پالیسی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔

  کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کسٹ) کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد منصور احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کسٹ یونیورسٹی سے اب تک 10 ہزار سے زائد طلباء فارغ التحصیل ہو چکے ہیں، مختلف پروگراموں میں اس وقت 5 ہزار سے زائد طلباء زیرِ تعلیم ہیں، کسٹ یونیورسٹی نے سال 21-2020 میں 14 کروڑ روپے سے زائد کے اسکالر شپ دیے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تعلیمی شعبے میں یونیورسٹی کے کردار، خصوصی افراد کیلئے نئی پالیسی اپنانے پر یونیورسٹی کو سراہا۔

The post جامعات طلباء کی اخلاقی تربیت کے حوالے سے تدریسی حصے میں اضافہ کریں، صدر عارف علوی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email