چین کے ساتھ تعلقات پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، مشیر برائے قومی سلامتی

مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تعلقات پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

تفصیلات کے مطابق مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کی صورتحال پر علاقائی ممالک کو اعتماد میں لیا ہے، پاکستان نے ڈو مور کا چیپٹر ہمیشہ کیلئے بند کر دیا ہے۔

ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ سی آئی اے چیف سے افغانستان کے مسائل اور ممکنہ حل پر گفتگو کی گئی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ افغانستان میں معاشی، انسانی اور گورننس کا بحران پیدا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ہٹلر اور مودی میں کوئی فرق نہیں ہے، فیصلہ کر لیا ہے کہ حقائق کھل کر دنیا کے سامنے رکھیں گے، پہلے کچھ چیزوں پر خاموشی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، مودی جس پٹڑی پر چڑھ چکا ہے اپنا کباڑہ کرے گا۔

مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کشمیری ہمیشہ پستا رہے، پاکستان علاقائی مسائل پر عالمی برادری سے رابطے میں ہے، پہلے افغانستان کے معاملے پر ہماری بات نہیں سنی گئی لیکن اب سب سن رہے ہیں، فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کسی کیمپ میں نہیں جائے گا۔

ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا تھا کہ امریکہ سمیت تمام ممالک سے تعلقات بہتر کرنا چاہتے ہیں، ہم معاشی اور تجارتی اعتبار سے تعلقات کی مضبوطی چاہتے ہیں، چین کے ساتھ تعلقات پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے مزید کہا کہ بھارت نے 20 سال تک افغانستان میں سرمایہ کاری کی، افغانیوں کے ذہنوں میں زہر بھرنے اور پاکستان میں دہشت گردی کیلئے کوششیں کی گئیں، افغانستان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق فیصلہ وقت آنے پر ہوگا۔

The post چین کے ساتھ تعلقات پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، مشیر برائے قومی سلامتی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email