وفاقی حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا

وفاقی حکومت نے کنگ آف کامیڈی عمر شریف کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری  نے آج مزاحیہ جملوں سے لوگوں کو لاجواب کرنے والے معروف اداکارو کامیڈی کنگ عمر شریف سے اسپتال میں ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد عمران اسماعیل نے بتایا کہ عمر شریف کے علاج کے لئے میڈیکل بورڈ بنا دیا گیا ہے، ڈاکٹرز کی ہدایت پر علاج اندرون ملک یا بیرون ملک کرانا ہے، بورڈ جو کہے گا کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ عمر شریف اسٹیج کے بادشاہ اور قوم کا اثاثہ ہیں، ان کے علاج کےلئے ہر ممکن سہولت دیں گے۔

انہوں نے مزید بتایاکہ  وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرکامیڈی کنگ عمر شریف کی عیادت کے لئے آئے ہیں۔

واضح رہے کہ عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل کا کہنا ہے کہ عمر شریف کیلئے ہر لمحہ قیمتی ہے، ہمیں ان کیلئے ائیر ایمبولینس کی بھی ضرورت پڑے گی کیونکہ ان کی حالت ایسی نہیں کہ وہ عام فلائٹ میں سفر کرسکیں گے۔

دل کے عارضے میں مبتلا عمر شریف کی طبیعت میں تاحال بہتری نہیں آسکی اور وہ کراچی کے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم سے سینئر اداکار عمر شریف کو جلد از جلد امریکی ویزا جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

The post وفاقی حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email