ضلع تورغر میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 گھر زمین بوس، 11 افراد جاں بحق

ضلع تورغر میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 گھر زمین بوس ہوگئے جس کی وجہ سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع تورغر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ہے بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے تین گھر منہدم ہو گئے جس کے نتیجے میں 16 افراد ملبے تلے دب گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مقامی افراد نے 11 لاشیں اور 2 زخمی افرد کو ملبے سے نکال لیا ہے اور دیگر 3 افراد کی تلاش جاری ہے۔

خیال رہے کہ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اس ضمن میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر متاثرہ علاقے میں پہنچنے کی ہدایت دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہنگامی طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے میں 11 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مزید کہا ہے کہ حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

The post ضلع تورغر میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 گھر زمین بوس، 11 افراد جاں بحق appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email