پاکستان برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کی ملاقات ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے برطانوی ہائی کمشنر کو مجوزہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار کے بنیادی، جمہوری اور آئینی حق پر کامل یقین رکھتی ہے، ہم پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مسودہ پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا مقصد میڈیا کی ترقی اور مؤثر انتظام کے لئے مربوط نقطہ نظر کو یقینی بنانا اور میڈیا پریکٹیشنرز اور کنزیومرز کو ون ونڈو آپریشن فراہم کرنا ہے، آزادی اظہار رائے کی جمہوری اقدار کا تحفظ، فروغ اور تنقید کا حق کسی بھی مہذب جمہوری معاشرے کے لئے ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ اس وقت 7 ریگولیٹری باڈیز میڈیا کے اداروں کو چلا رہی ہے جن میں پیمرا، پریس کونسل آف پاکستان، پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی، سینٹرل بورڈ آف فلمز سینسرز، پریس رجسٹرار آفس، آڈٹ بیورو آف سرکولیشن اور امپلی منٹیشن ٹربیونل فار نیوز پیپرز ایمپلائز شامل ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کسی ریگولیٹری فریم ورک کے تحت نہیں ہیں، ریگولیشن کے موجودہ طریقہ کار کے تحت تقریباً نصف درجن فرسودہ قوانین موجود ہیں جو میڈیا کے جدید دور کے تقاضوں کو پورا نہیں کرتے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ہم میڈیا کیلئے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ایک واحد قانون لانا چاہتے ہیں جس میں میڈیا پلیٹ فارمز اور شہریوں کیلئے سہولیات پر توجہ مرکوذ ہو، مجوزہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ترقی، جدت، ڈیجیٹل معیشت، تربیت اور تحقیق پر توجہ کی جائے گی۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں پریس ڈائریکٹوریٹ، ڈیجیٹل میڈیا اینڈ فلم ڈائریکٹوریٹ، الیکٹرانک میڈیا ڈائریکٹوریٹ، میڈیا کمپلین کمیشن اور میڈیا ٹربیونل ہوں گے، ایک جمہوری اور تکثیری معاشرہ ہونے کے باعث پاکستان میں میڈیا کا ایک متحرک منظر نامہ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں 114 سیٹلائٹ ٹیلی وژن چینلز کام کر رہے ہیں جن میں سے 31 نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز کے چینلز ہیں، پاکستان میں ایف ایم چینلز کی مجموعی تعداد 258 ہے جن میں سے 196 کمرشل اور 62 نان کمرشل ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر مملکت برائے اطلاعات کی صدارت میں قائم کمیٹی نجی شعبہ کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، اس کمیٹی نے اے پی این ایس، سی پی این ای، پی بی اے اور پی ایف یو جے کے عہدیداران اور پریس کلبوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیے ہیں۔

دوسری جانب برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کا کہنا ہے کہ پی ایم ڈی اے کے مسودہ کو حتمی شکل دینے سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے مزید کہا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو یقین دلایا جائے کہ یہ اتھارٹی صحافیوں کی سہولت کے لئے ہے جبکہ اس سے تنقید کا حق متاثر نہیں ہوگا۔

فواد چوہدری نے امید ظاہر کی کہ برطانوی حکومت پاکستان کو ریڈ لسٹ میں رکھنے کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مزید کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان میں کووڈ 19 کے اعداد و شمار کے حوالے سے برطانیہ کے کئی تحفظات دور کر دیئے ہیں۔

The post پاکستان برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، فواد چوہدری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email