کراچی : مون سون کا تیسرا اسپیل، محکمہ موسمیات کی نئی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مون سون کے تیسرے اسپیل میں تیز بارشوں کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں کہیں ہلکی تو کہیں درمیانے درجے کی بارشیں متوقع ہیں، تاہم تیز بارش کے امکانات واضح نہیں ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں شام سے بادل برسنا شروع ہوسکتے ہیں، مون سون سسٹم کا اثر زیادہ تر مشرقی سندھ کے علاقوں پر رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل بھی ہلکی اور درمیانے درجے کی بارشوں کی پیش گوئی ہے جبکہ آج کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

 گزشتہ رات بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش ہوئی تھی ۔

کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، شہر میں جنوب مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 18 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے اور ان میں نمی کا تناسب 84 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بلوچستان اور سندھ میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

واضح رہےکہ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں 11 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

The post کراچی : مون سون کا تیسرا اسپیل، محکمہ موسمیات کی نئی پیش گوئی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email