الیکشن اصلاحات کرنا صرف حکومت کی نہیں اپوزیشن کی بھی ذمہ داری ہے، بابر اعوان

وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا ہے کہ الیکشن اصلاحات کرنا صرف حکومت کی نہیں اپوزیشن کی بھی ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے سینیٹ کی پارلیمانی امور کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین کمیٹی نے چیئرمین سینیٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کے ای وی ایم پر اعتراضات کا جواب دے گی، ای وی ایم پر میڈیا میں غلط تاثر جارہا ہے، حکومت کو ای وی ایم پر اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔

بابر اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام صاف، شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کروانا ہے، الیکشن کمیشن پارٹی بازی میں نہ رہتے ہوئے قانون کے مطابق الیکشن کروائے گا، پارلیمنٹ جو قانون بنائے گی الیکشن کمیشن اس کا پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کے ریفرنڈم میں اوورسیز کے بھی ووٹ ڈلوائے گئے،2014 میں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو اوورسیز کمیشن کو ووٹ کا حق دینے کا حکم دیا تھا۔

مشیر برائے پارلیمانی امور کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر ان پر کوئی احسان نہیں کر رہے، کوئی ادارہ پارلیمنٹ کے قانون سازی کے حق پر اعتراضات نہیں لگا سکتا، الیکشن کمیشن جو کام 7 سال میں نہیں کرسکا وہ 2 سال میں کیوں نہیں ہوسکتا، بےوجہ اعتراضات لگانا آئینی ادارے کی طرف سے بدقسمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای وی ایم پر عمل کرنا الیکشن کمیشن کے آئی ٹی ونگ کا کام تھا، الیکشن کمیشن یہ کام نہیں کرسکا تو یہ الیکشن کمیشن کی ناکامی ہے، الیکشن کمیشن نے ووٹ کی سیکریسی خطرے میں پڑنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

بابر اعوان نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مینوئل ووٹنگ سے زیادہ محفوظ ہوگی، الیکٹرانک ووٹنگ میں ووٹ بعد میں بھی قابل شناخت ہوگا، ہم انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے اتنے خوفزدہ کیوں ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں دو الیکشن ہوئے جو جماعت ہاری انہوں نے دھاندلی کے الزامات لگائے، مشین کے استعمال سے ووٹوں کی گنتی سے متعلق اعتراضات دور ہوں ہے، مشین سے ووٹنگ کے بعد بھی ریکارڈ کوئی لے کر نہیں بھاگ سکے گا۔

بابر اعوان نے کہا کہ ای وی ایم سے نتائج کی ٹرانسمیشن محفوظ ہوگی، کہا گیا ای وی ایم پر وسیع ٹیسٹنگ نہیں کی گئی، ٹیسٹنگ کرنا سیاسی جماعتوں کا نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے، الیکشن کمیشن نے اتنے سال پائلٹ پروجیکٹ کیوں روکے رکھے، الیکشن کمیشن کے اعتراضات خود ان کے خلاف چارج شیٹ ہے، اس پر رولنگ نہیں مانگوں کا آئینی اداروں کا احترام کرتا ہوں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے مزید کہا ہے کہ حکومت کوئی مشین نہیں دے گی، ای وی ایم کون سی بنانی اور کہاں سے خریدنی ہے یہ الیکشن کمیشن طے کرے گا۔

The post الیکشن اصلاحات کرنا صرف حکومت کی نہیں اپوزیشن کی بھی ذمہ داری ہے، بابر اعوان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email