اسپین کے وزیر خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے

اسپین کے وزیر خارجہ آج پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسپین کے وزیر خارجہ دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان بات چیت کے دوران افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وفد کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے دوران دو طرفہ تعلقات بات چیت کا حصہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمو قریشی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آج اسپین کے وزیر خارجہ پاکستان تشریف لا رہے ہیں،اسپین، یورپی یونین کا اہم ملک ہے، ان کے ساتھ ہمارے بہت اچھے دو طرفہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد، اسپین میں مقیم ہے، ان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کا استحکام ہماری ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ اسپین کے وزیر خارجہ، حالیہ چند دنوں میں پاکستان تشریف لانے والے چھٹے وزیر خارجہ ہونگے ،اسپین کے وزیر خارجہ کے ساتھ بھی مفید گفتگو ہو گی۔

شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ ان حالیہ دنوں میں بیس سے زائد وزرائے خارجہ کے ساتھ ،میرا افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ  خیال ہو چکا ہے، میں نے افغانستان کے حوالے سے پاکستان کا نقطہ نظر ان کے سامنے پیش کیا اور ان کی تشویش کو سمجھنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ہم سب اس بات پر متفق ہیں کہ افغانستان میں امن ہو اور وہاں خوشحالی آئے، اس ضمن میں ہماری کوششیں جاری رہنی چاہئیں، اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم کوشش کریں کہ افغانستان میں کوئی انسانی بحران جنم نہ لے، افغانستان میں انسانی بحران، افغان شہریوں ، خطے اور دنیا کے مفاد میں نہیں ہے۔

  شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اپنے محدود وسائل کے باوجود کوشش کر رہا ہے کہ ہم اپنے افغان بھائیوں کی مدد جاری رکھیں، کل پاکستان کی طرف سے، بذریعہ جہاز ادویات و خوراک کی شکل میں، امداد کابل بھجوائی گئی ہے ، زمینی راستے سے بھی ہماری کوشش ہے کہ ان کو ادویات و خوراک بھجوائی جائیں تاکہ وہاں بحران پیدا نہ ہو۔

 وزیر خارجہ نے کہاکہ یہی ہم عالمی برادری سے کہہ رہے ہیں کہ افغانستان کو انسانی بحران سے بچانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اگر ہم افغانستان کے شہریوں کو تحفظ دینا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ کوئی شرائط عائد کیے بغیر ان کی انسانی بنیادوں پر معاونت کو جاری رکھا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوتی رہی، ہمیں، طالبان کی جانب سے افغان سر زمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کے حوالے سے دئیے گئے بیان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ وہ اس پر عمل پیرا ہوں، اگر طالبان اپنے وعدے پر پورا اترتے ہیں تو ان کی نیک نامی میں اضافہ ہو گا۔

The post اسپین کے وزیر خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email