حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے راولپنڈی و اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران سے  ملاقات کی، اس دوران انہوں نے وفد کے مسائل غور سے سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بارے میں تحفظات دور کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف واحد حکومت ہے جس نے میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لئے قدم اٹھایا، اس وقت میڈیا کو ڈیل کرنے والے تمام قوانین ڈیجیٹل میڈیا کے انقلاب سے پہلے تیار ہوئے۔

فواد چوہدری نے کہاکہ سات ریگولیٹری باڈیز میڈیا اداروں کو چلا رہی ہیں جن میں پیمرا، پریس کونسل آف پاکستان، پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی، سینٹرل بورڈ آف فلمز سینسرز، پریس رجسٹرار آفس، آڈٹ بیورو آف سرکولیشن اور امپلی منٹیشن ٹربیونل برائے نیوز پیپرز ایمپلائیز شامل ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز بہت بڑا چیلنج ہے، پیمرا کا قانون 2002ءمیں اس وقت بنا جب ڈیجیٹل میڈیا موجود نہیں تھا۔

فواد چوہدری نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارا تقریباً 150 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا، ہم نے 80 ہزار جانیں گنوائیں، اس کے باوجود ہم ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل میں فیک نیوز اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے علاوہ ہم کسی بھی ترمیم کے لئے تیار ہیں، میڈیا ورکرز سے فورس لیبر کی طرح کام کروایا جا رہا ہے، انہیں کنٹریکٹ تک نہیں دیا جاتا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ڈی ایس این جی کے ڈرائیورز اور این ایل ایز کے پاس اپنے مسائل کے حل کے لئے کوئی راستہ موجود نہیں ہے، ہم نے میڈیا اداروں کو 75 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کیں لیکن اس کے باوجود وہ اپنے ورکرز کو تنخواہیں نہیں ادا کر رہے، حکومت کو میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے لئے ہم نے پانچ ممالک کے قوانین کو اسٹڈی کیا، وزیراعظم کی نیا پاکستان ہاﺅسنگ اسکیم میں صحافیوں کو پلاٹ فراہم کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ اس ملاقات میں  آر آئی یو جے کے وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کو میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات پر اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

The post حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، فواد چوہدری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email