لاہور میں موسلا دھار بارش، پانی جمع، وزیراعلیٰ پنجاب کا ایکشن

پنجاب : لاہور میں صبح سویرے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث  نشیبی علاقوں میں ناصرف پانی جمع ہو گیا بلکہ اس صورتِ حال سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثرہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقوں مال روڈ، جوہر ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، سمن آباد اور ریلوے اسٹیشن میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیاہے۔

اس کے علاوہ بھاٹی گیٹ، بلال گنج، موہنی روڈ اور شملہ پہاڑی کے علاقوں میں بھی بادل خوب برسے جبکہ گڑھی شاہو، باغبانپورہ اور دو موریہ پل کےعلاقوں میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، متعدد علاقے بجلی سے محروم ہونے کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا ایکشن

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نشیبی علاقوں میں جمع پانی فوری نکالنے کا حکم دے دیاہے۔

انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے کام کو جتنی جلدی ہو مکمل کیا جائے، واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے لکشمی چوک کا دورہ کیا اور وہاں جمع پانی کا جائزہ لیا، انہوں نے واسا عملے کو لکشمی چوک سے جلد ازجلد پانی نکالنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ برساتی پانی کو نکال کر ترجیحی بنیادوں پر روڈ کو کلئیر کروایا جائے، شہریوں کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

عمر شیر چٹھہ نے لکشمی چوک پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ۔

آج میں ملک بھر میں بادل جم کر برسیں گے

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بلوچستان اور سندھ میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی میں 11 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

The post لاہور میں موسلا دھار بارش، پانی جمع، وزیراعلیٰ پنجاب کا ایکشن appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email