انتظامی مشینری میں ردوبدل وزیراعلیٰ پنجاب کا قانونی حق ہے، فیاض الحسن چوہان

ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ انتظامی مشینری میں ردوبدل وزیراعلیٰ پنجاب کا آئینی اور قانونی حق ہے۔

 تفصیلات کے مطابق ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے حمزہ شہباز کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگی برخوردار کو صرف اقتدار سے دوری کا غم کھائے جا رہا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ انتظامی مشینری میں ردوبدل وزیراعلیٰ پنجاب کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ ن لیگی برخوردار کو صرف اقتدار سے دوری کا غم کھائے جا رہا ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب کا کہنا تھا کہ موروثی سیاست کی پیداوار حمزہ شہباز اپنے بل بوتے پر کسی یونین کونسل کا الیکشن نہ جیت سکیں، حمزہ شہباز کے چچا سی ایم آفس کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کرنے میں لگے رہے۔

فیاض الحسن چوہان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سی ایم آفس کا صوبے کی خدمت کے لیے استعمال ہونا شریف خاندان کو ہضم نہیں ہو رہا ، آج پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پرفارمنس اور عوامی خدمت میں سب سے آگے ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ شیباز شریف نے ذاتی پسند نا پسند اور شوبازی کے چکر میں سرکاری افسران کی تذلیل کی، آج پنجاب کی انتظامیہ حکومتی اقدامات کو پورے اعتماد کے ساتھ لے کر چل رہی ہے۔

واضح رہے اس سے قبل ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول بچے اور من کے کچے ہیں، بلاول نے کرپشن کے عالمی ریکارڈ چھوٹی سی عمر میں ہی بنالیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب کی جیل کا سپرنٹنڈنٹ بھی جیالا ہی ہوگا، پی ڈی ایم والے نہ اِدھر کے رہے اور نہ ہی اُدھر کے رہے، ن لیگ کے ترجمان آپس میں لڑ رہے ہیں، اپوزیشن والے ایک دوسرے کو استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں،شہباز شریف بلاول کو اور بلاول شہباز شریف کو استعمال کررہے ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن دیہاڑی بنانے کی کوشش کررہے ہیں، فضل الرحمٰن نے پچھلی بار ایک ارب کی دیہاڑ لگائی اور اس مرتبہ 4  ارب کی دیہاڑی لگانے کی کوشش کررہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا تھا کہ پنجاب میں یونیورسٹیز کو سولر پر منتقل کیا گیا، پنجاب میں اسپتالوں کو بھی سولر پر منتقل کریں گے۔

ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا تھا کہ توانائی کے محکمہ میں انقلابی اقدامات کیے گئے، وزیراعلیٰ کا حق ہے جسے چاہیں ہٹائیں اور جسے چاہیں تعینات کریں، وزیراعلیٰ سمجھتے ہیں اچھا آئی جی آئے تو انکا حق ہے۔

The post انتظامی مشینری میں ردوبدل وزیراعلیٰ پنجاب کا قانونی حق ہے، فیاض الحسن چوہان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email