آئندہ الیکشن میں بھی پیپلز پارٹی کو عبرت ناک شکست ملے گی، وزیر مملکت

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں بھی ایسے ہی پیپلز پارٹی اور دیگر مفاد پرست جماعتوں کو عبرت ناک شکست ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بلاول زرداری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں ملتان سمیت پورے ملک کے غیور عوام نے پیپلز پارٹی کو کرپٹ ترین پارٹی قرار دیکر مسترد کیا، عوام نے پی ٹی آئی کو جو مینڈیٹ دیا اس کا احترام سب پر لازم ہے، کسی کو عوام کے ووٹ کی توہین کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بلاول صاحب اب نعروں کی نہیں عملی کام کا وقت ہے، بلاول سے سوال ہے کہ 13 سالوں میں کراچی سمیت پورے سندھ میں ایک میگا پراجیکٹ کا بتا دیں جو مکمل کیا ہو، سندھ میں صاف پانی، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، شاہراہوں کی تعمیر سمیت ہر شعبے میں وفاق ہی کام کرتی نظر آرہی ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بلاتفریق پورے ملک میں تعمیر و ترقی کے جال بچھا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج تو بلاول بھٹو زرداری نے بھی مسلم لیگ ن کے اندر قیادت کے فقدان کی طرف اشارہ کیا ہے، یہ حقیقت ہے کہ ن لیگ میں میم اور شین کی لڑائی طوالت اختیار کر چکی ہے۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے مزید کہا کہ بلاول صاحب جتنا زور لگا سکتے ہیں لگا لیں آپ کو پنجاب سے کچھ نہیں ملنے والا۔

The post آئندہ الیکشن میں بھی پیپلز پارٹی کو عبرت ناک شکست ملے گی، وزیر مملکت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email