نفاق کے بیج بونے والوں کوپہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نفاق کے بیج بونے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے خیبرپختونخواکے صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور صوبوں کے درمیان روابط مزید مضبوط  بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات میں شوکت یوسف زئی نے پنجاب کی عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے اقدامات کوسراہا اور کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب کی عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔

شوکت یوسف زئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اوربھائی چارے کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں، ان کی قیادت میں پنجاب میں پائیدار ترقی کا مشاہدہ کیا ہے جس سے بہت خوشی ہوئی۔

شوکت یوسف زئی کی درخواست پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خیبرپختونخوا میں سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کی۔

ملاقات میں پنجاب اورخیبر پختونخوا کے درمیان روابط کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق ہوا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تین سال کی مختصر مدت میں برسوں کے کام نمٹائے ہیں، سابق حکمران باتیں بناتے رہے، ہم حقیقی منصوبے لائے ہیں، پنجاب دوسرے صوبوں کو ساتھ  لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اضلاع کی یکساں ترقی کیلئے ڈویلپمنٹ پیکیج پر عملدر آمد شروع ہوچکا ہے، سیاست میں رواداری اور احترام کے قائل ہیں، انتقام نہیں بلکہ مثبت سیاسی روایات قائم کی ہیں، پنجاب کو ایک ٹیم ورک کے طور پر چلارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نفاق کے بیج بونے والوں کوپہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے، تنقید کرنا، الزامات لگانا اور دشنام طرازی ہمارا شیوہ نہیں، ہم شرافت، شفافیت اور دیانت کے اصولوں پرچلتے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں سیاسی مخالفین کو جان بوجھ کر انتقام کا نشانہ بنایا گیا، پنجاب اسمبلی میں قلیل مدت کے دوران ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں صرف کام پر یقین رکھتا ہوں، خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہیں۔

شوکت یوسف زئی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خیبرپختونخوا کے دورے کی دعوت دی۔

واضح رہے کہ ملاقات میں ڈپٹی اسپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان، معاون خصوصی ریاض خان، اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی ڈاکٹر سمیرا شمس، آسیہ خٹک، مدیحہ نثار، صومی فلک ناز اور دیگر شامل تھے۔

The post نفاق کے بیج بونے والوں کوپہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے، عثمان بزدار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email