کلک ورلڈ بینک کا پروجیکٹ ہے،مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ کلک ورلڈ بینک کا پروجیکٹ ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کمپیٹیٹیو اینڈ لیو ایبل سٹی آف کراچی (کلک ) کا اجلاس ہوا جس میں پراپرٹی سروے کے حوالے سے غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں پراپرٹی ٹیکس کا سروے کر کے ریکارڈ ڈیجیٹلائز کیا جائے گا، 2001 میں کراچی میں 800000 پراپرٹیز ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں رجسٹر تھے،اب کراچی میں 947424 پراپرٹی یونٹس رجسٹر ہیں  اگر دوبارہ سائنٹیفک طریقے سے سروے کیا جائے تو پراپرٹیز کی تعداد 2 بلین ہوجائے گی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دی گئی کہ  سال 20-2019 میں کراچی سے پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 1.72 بلین روپے ریکوری کی گئی ،دوبارہ سروے کرنے سے 3.63 بلین روپے ٹیکس ریکور ہوگا، یعنی 111فیصد  ریکوری بڑھ جائے گی۔

اجلاس میں  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  نے پراپرٹی ٹیکس منتقل کرکے کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کو دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر بلدیات ، وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور چیف سیکریٹری بیٹھ کر فیصلے پر عمل درآمد کروائیں۔

 وزیراعلیٰ سندھ نے کلک ٹیم کو سافٹ ویئر بنا کر سروے کرنے کی ہدایت دی ہے، سروے کے بعد لوکل باڈیز کے متعلقہ عملے کی ٹریننگ کر کے ریکوری خود شروع کریں ۔

اجلاس میں صوبائی وزراء، مکیش کمار چاولہ ، ناصر شاہ ، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب ، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، کمشنر کراچی نوید شیخ ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نجم شاہ، سیکریٹری سرمایہ کاری زاہد عباسی اور دیگر شریک تھے۔

The post کلک ورلڈ بینک کا پروجیکٹ ہے،مراد علی شاہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email