یومِ دفاع کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہے، صوبائی وزیر اوقاف سعید الحسن

صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے یومِ دفاع کے موقع پر کہا کہ آج کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن اور قابلِ فخر باب ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے یومِ دفاع کے موقع پر کہا کہ ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ہم آج اس عزم کا عہد کرتے ہیں کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کیلئے پوری قوم اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج یکجا ہیں، یومِ دفاع پر ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء اور غازی ہمارے ہیروز ہیں، دفاع وطن کیلئے ان کے جذبات اور احساسات ہر پاکستانی کیلئے مشعل راہ ہیں جن کی روشنی میں ہمیں اپنے اپنے محاذوں پر وطن کی سلامتی، دفاع اور ترقی و استحکام کیلئے پر عزم و عمل ہونے کی ضرورت ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن اورقابلِ فخر باب ہے، پاک افواج نے بزدل دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پاک دھرتی کے عظیم سپوتوں نے دفاع وطن کی خاطر بہادری کی بے مثال داستانیں رقم کیں، وطن کے دفاع کے جذبے سے سرشار مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔

اوقاف سید سعید الحسن شاہ کا کہنا تھا دشمن کے دانت کھٹے کرنے والے پاک فوج کے جوانوں اور قوم کے دوسرے شہداء اور غازیوں کے سبب ہماری آزادی قائم و دائم ہے اور ہمارا ملک تا قیامت قائم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے غازیوں کو بھی سلیوٹ کرتے ہیں، ملک کے دفاع کی جنگ کے دوران قوم نے جس وحدت اوراتحاد کا مظاہرہ کیا آج پھر اسی جذبے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ملک و قوم کی ترقی اور فلاح کے راستے میں بچھے کانٹے چن رہی ہے جبکہ سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہماری مسلح افواج ہمیشہ کی طرح ہر دم چاک و چوبند اور چوکس ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ تاریخ عالم پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے، مکار دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے شہداء آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں۔

صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پاک دھرتی کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کوشاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، آج پوری قوم شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کااظہار کرتی ہے۔

The post یومِ دفاع کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہے، صوبائی وزیر اوقاف سعید الحسن appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email